یورپی یونین کی خارجہ امور کمیٹی کی سربراہ فیڈریکا موگیرینی نے کہا ہے کہ ایران پرعاید اقتصادی پابندیوں کے اٹھائے جانے کی کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی ہے تاہم ان کا کہنا ہے تہران سے پابندیاں جلد ہی اٹھا لی جائیں گی۔

خبروں کے مطابق جموریہ چیک کے وزیرخارجہ لوبومیرز اورالیک کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر موگیرینی کا کہنا تھا کہ ایران پر عاید اقتصادی پابندیوں کے اٹھائے جانے کی حتمی مدت متعین نہیں کی جا سکتی ہے۔ یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ تہران پر یورپی یونین کی پابندیاں کب ختم ہوں گی تاہم توقع ہے کہ جلد ہی یورپی یونین اس حوالے سے اہم اقدامات کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں یورپی یونین کی عہدیدار کا کہنا تھا کہ تہران کے ساتھ طے پائے سمجھوتے کو جلد ہی عملی شکل دے دی جائے گی۔

قبل ازیں رواں ماہ کے اوائل میں وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کے نائب مشیر بن روڈس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکی انتظامیہ کو توقع ہے کہ ایران اپنے متنازع جوہری پروگرام پر پچھلے سال طے پائے معاہدے کے شیڈول کے مطابق اپنے حصے کا کام جلد مکمل کر لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو یورینیم کی مقدار کم کرنے کے لیے ان اہم امور کو جلد از جلد انجام دینا ہو گا جو معاہدے کے تحت فریقین میں طے پا چکے ہیں۔ ان شرائط میں ایران کا یورینیم کا کچھ حصہ روس منتقل کرنا بھی شامل ہے جس کی ماسکو منتقلی شروع کی جا چکی ہے۔