مسلم یوتھ بردرس اترپردیش کی پیامِ انسانیت کانفرنس سے علماء اور دانشورانِ قوم و ملت کا خطاب

لکھنؤ: مسلم نوجوانوں کی متحرک و فعال تنظیم مسلم یوتھ بردرس اترپردیش کا آٹھواں سالانہ عظیم الشان اجلاسِ عام بعنوان پیامِ انسانیت کا نفرنس فرید ی پور دوبگا کے وسیع و عریض میدان میں منعقد ہوا۔ صدرِ جلسہ مولانا عبد الولی فاروقی جنرل سکریٹری سنی مجلس عمل نے اپنے صدارتی خطاب کے دوران معاشرتی تانے بانے کو مضبوط کرکے وطنِ عزیز کو ترقی کی راہ پر لے جانے نیز معاشرہ میں پھیلی ہوئی سماجی اور اخلاقی برائیوں کو دور کرنے کی اپیل کی۔ مقرر خصوصی مؤرخِ اسلام مولانا کفیل اشرف نے اسلامی تاریخ کے روشن اسباق سے سامعین کو روشناس کراتے ہوئے سیرتِ نبویؐ اور سیرتِ صحابہؓ کے مختلف گوشوں پرروشنی ڈالی ۔ مہمان خصوصی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسو سی ایشن لکھنؤ کے صدر طارق صدیقی نے علم کی اہمیت کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی۔ صدر جلسہ کے ہاتھوں ملی و سماجی خدمات کے اعتراف میں حاجی محمد اعجاز چاندی والے کو خادمِ ملت ایوارڈ ۲۰۱۸ء اور بین الاقوامی سنت سماج کے رکن آچاریہ کرشن موہن جی مہاراج کو ہندو مسلم ایکتاایوارڈ دیا گیا۔

تنظیم کے بانی و جنرل سکریٹری حافظ سیّد محمد وصی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔ خازن قاری محمد یونس نے شال اوڑھاکر گلپوشی کرکے اور یاد گاری تحفہ دے کر مہمانوں کا استقبال کیا۔ قاری محمد ابراہیم کاکوروی نے تلاوت کی جبکہ نوجوان مقرر قاری محمد انس عرفانی نے ولولہ انگریز تقریر کی۔ پیامِ انسانیت کے عنوان کو مد نظررکھتے ہوئے شعراء کرام ناصر گولوی، عزیر پرتاپ گڑھی، بیتاب لکھنوی، جعفر تیار، رحمت علی راجو ،حافظ عامر،شاہ عبد اللہ نے کلام پیش کیا۔ نظامت کے فرائض قاری سیّد شاہ فیصل نے بحسن و خوبی انجام دئیے۔ خصوصی شرکاء میں قاری شمس الضحیٰ پہانوی، مولانا عتیق الرحمن قاسمی، مولانا احتشام الحق، مولانا ذیشان ، سیّد عبد القدیر ایڈوکیٹ، پروان انصاری ایڈوکیٹ، مولانا منور ،ظہیر منیہار، محمد شمیم خاں، بادشاہ غازی، قاری محمد احمد ندوی، محمد ممتاز، محمد خالد، محمد محسن، قاری نظام الدین، غیور خان ایوبی، صادق امین، حافظ محمد سعد وغیرہ نے شرکت کی۔ حافظ بلال ہاشمی کی دعا پر کانفرنس کا اختتام ہوا۔