انقرہ :سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی نے کہاہے کہ خلیجی اور عرب ممالک کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کے پیچھے ایرانی حکومت اور پاسداران انقلاب ملوث ہیں ۔

غیرملکی میڈیا  کے مطابق سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر عادل الطریفی کا کہنا تھا کہ دنیا کے 12 ممالک میں ایرانی ذمہ داران پر دہشت گردی، منی لانڈرنگ اور دیگر جرائم میں ملوث ہونے کے سلسلے میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اس بات کا اچھی طرح سے سمجھتی ہے کہ خلیجی اور عرب ممالک کے ساتھ ساتھ مشرق وسطیٰ میں عدم استحکام کے پیچھے ایرانی حکومت اور پاسداران انقلاب ہیں، وہ خطے میں دہشت گرد حملوں کے واقعات کے لیے دہشت گرد گروپ تیار کرنے کے ذمہ دار ہیں۔ڈاکٹر الطریفی نے زور دے کر کہا کہ سعودی قیادت ایرانی عوام اور ایرانی حکومت اور پاسداران انقلاب کے درمیان فرق کرتی ہے۔سعودی وزیر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ تہران میں سعودی سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے میں آگ لگائے جانے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کر کےسعودی  مملکت نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔