اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ پاناما لیکس کوئی سازش نہیں ہے بلکہ یہ حقیقت ہے ،پاناما لیکس پر آسٹریلیا ،فرانس ،نیوزی لینڈ اور ہانگ کانگ میں تحقیقات شروع ہو چکی ہیں ،نیب اپنی ساکھ برقرار رکھنا چاہتی ہے تو فوری تحقیقات شروع کرے ۔

بنی گالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف پر الزام آرہاہے کہ میاں صاحب کے بیٹوں کے پیسے باہر پڑے ہیں ،نوازشریف نے بچوں کے نام پر چیزیں رکھی ہوئی ہیں ،وزیراعظم کہتے ہیں کہ وہ مقروض ہیں بچوں سے پیسے لیتے ہیں ،نوازشریف نے منی لانڈرنگ کے ذریعے سارا پیسہ باہر بھیجا ہے ۔عمران خان کا کہناتھا کہ پانامہ لیکس سازش نہیں ہے بلکہ یہ حقیقت ہے اور اللہ کی طرف سے یہ بد عنوان افراد پکڑے گئے ہیں ،آئیس لینڈ کے وزیراعظم نے بھی سمندر پار پیسے رکھے ہیں ،پانامہ لیکس آئیس لینڈ کے وزیراعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہاہے ۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہناتھا کہ مریم نواز نے کہا کہ ان کی فیملی کے بیرون ملک کوئی اثاثے نہیں ہیں ،جب حسین نواز کو علم ہوا کہ خبریں آنے والی ہیں تو بیرون ملک کمپنیاں اور پراپرٹی تسلیم کر لی ،حسین نواز نے ٹی وی پر آ کر کہا محنت سے پیسہ کمایاہے ۔انہوں نے کہا کہ شریف خاندان پھنس گیاہے اور یہ بتا نہیں پا رہے کہ پیسہ کہاں سے آیاہے ۔عمران خان کہنا تھا کہ 20سال سے شور مچار ہاہوں کہ ملک کا پیسہ چوری ہو رہاہے لیکن آج اللہ کی طرف سے سب حقیقت سامنے آ گئی ہے ،حسین نواز بنائیں کہ 700کروڑ کا گھر کہاں سے آیا ؟۔

ان کا کہناتھا کہ پانامہ ٹیکس بچانے کی جنت ہے ،پاناما لیکس پر آسٹریلیا ،فرانس ،نیوزی لینڈ اور ہانگ کانگ میں تحقیقات کا آغاز ہو چکاہے ،نیب اگر اپنی ساکھ برقرار رکھنا چاہتی ہے تو فوری تحقیقا ت کا آغاز کرے۔