پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخوا اور شمالی علاقوں گلگت، بلتستان میں طوفانی بارشوں کے باعث مکانات کی چھتیں گرنے اور سیلاب میں بہ جانے سے بچوں اور خواتین سمیت کم سے کم تیس افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

صوبائی دارالحکومت پشاور میں مسلسل بارش کی وجہ سے غازی گڑھی سمیت متعدد دیہات زیر آب آ گئے ہیں، بٹہ تل پل کی مارکیٹ میں سیلابی ریلہ داخل ہونے سےتیس سے زائد دکانیں بہہ گئی ہیں ۔ ضلع کوہستان کے علاقے پالس میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوئے ہیں۔

کوہستان میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ۔ گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں چلاس کے علاقے جچن میں مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق اوردو زخمی ہو گئے ہیں۔ متوفیوں میں باپ بیٹا اوردو بیٹیاں ہیں۔

خیبر پختونخوا کے شمال مغربی ضلع چترال کے علاقے ٹھینک شین میں ایک مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں ۔تودے گرنے سے شاہراہ قراقرم کئی مقامات سے بند ہو گئی ہے ۔ضلع سوات میں شدید بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں تیں افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں۔ شدید بارشوں نے بحرین میں بھی تباہی مچائی ہےاور ایک رابطہ پل پانی میں بہہ گیا ہے۔ مسلسل بارشوں سے دریائے سوات میں اونچے درجے کا سیلاب آ گیا ہے۔

پشاور میں گذشتہ رات ہونے والی شدید بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئی ہیں اور شہری اپنی مدد آپ کے تحت گھروں سے پانی نکال رہے ہیں۔ پشاور میں سیلابی ریلے سے غازی گھڑی سمیت متعدد دیہات زیر آب آگئے۔تحصیل شب قدر میں واقع ایک گاؤں چلماری میں مکان کی چھت گرنے سے ایک نو سالہ بچہ دم توڑ گیا۔واقعے میں اس کی والدہ اور گیارہ سالہ بھائی شدید زخمی ہوگیا ہے۔ متاثرہ خاندان کا تعلق افغانستان سے ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے علاقے ڈیلا ناران میں برفانی تودہ دریائے کنہار میں گرگیاجس کے نتیجے میں دریا کا رخ بستی کی طرف مڑ گیا اورسات کانات تباہ ہوگئے۔بالاکوٹ کے گاؤں پھاگل کاغان میں بھی گھر کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔بٹگرام کے علاقے شملائے میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہوئی۔ شانگلہ میں بھی پہاڑی تودہ گرنے سے دو مکان مکمل تباہ ہوگئے اور وہاں تین افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق کوہستان اور مانسہرہ میں لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔مختلف مقامات پر سڑکیں بند ہیں اور187 مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اتوار کو بھی مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، اسلام آباد اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں بارش جبکہ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری تھا۔