مسجد حرام کی توسیع کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بیت اللہ کے طواف کے لیے بنائے گئے عارضی طورپر معلق مطاف کو ہٹانےکا کام شروع کردیا گیا ہے جس کے بعد زائرین کعبہ کو مستقل مطاف ہی سے بیت اللہ کے دیدار کی سہولت حاصل ہوگئی ہے۔ عارضی مطاف کی مسماری کا کام چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر جاری ہے، ماہ صیام میں عمرہ سیزن سے قبل مستقل مطاف کو زائرین کے لیے مکمل طورپر کھول دیا جائے گا۔

توسیع حرم کی تکنیکی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہنگامی مطاف کی جگہ مستقل مطاف کی تیاری کے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ آئندہ ماہ صیام سے قبل معلق[ ہنگامی] مطاف کو مکمل طورپر ہٹا دیا جائے گا او اور مستقل مطاف سے ایک گھنٹے میں 1لاکھ 7 ہزار زائرین طواف کعبہ کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔ عارضی مطاف ہٹانےکا کام مستقل مطاف کے لیے صحن مطاف، فرسٹ فلور اور المیزانین کی پہلی منزل کی تکمیل کے بعد شروع کیا گیا ہے۔

حرمین شریفین کے نگراں ادارے کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمان السدید نے پریس کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مستقل مطاف کو وقت مقررہ پرمکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد اب عارضی مطاف کی ضرورت باقی نہیں رہی ہے۔ عارضی مطاف ہٹائے جانے کے بعد مستقل مطاف سے خانہ کعبہ کا براہ راست دیداربھی ممکن ہوگا اور خانہ کعبہ اور زائرین کے درمیان کوئی پردہ حائل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ معذور اور عمر رسیدہ افراد متحرک کرسیوں کی مدد سے اپنے مخصوص ٹریک مطاف پل سے خانہ کعبہ کا طواف کریں گے۔ مطاف کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو زائرین کی زیادہ سے زیادہ تعداد کے پیش نظر کشادہ رکھا گیا ہے تاکہ طواف کرنے والے مسلمانوں کو مطاف میں داخل ہونے اور وہاں سے باہر نکلنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ رکاوٹیں اور عارضی مطاف ہٹائے جانے کے بعد صحن مطاف میں 30 ہزار زائرین ایک گھنٹے میں طواف کی سعادت حاصل کریں گے۔ اس وقت مطاف کے دائرے کی شکل میں بنائے گئے عارضی پل سے فی گھنٹہ بیس ہزار افراد خانہ کعبہ کا طواف کرسکتے ہیں۔

خیال رہے کہ توسیع حرم کے منصوبے کے تحت تین سال پیشتر خانہ کعبہ کے گرد پل کی شکل میں عارضی مطاف قائم کیا گیا تھا۔ 12 میٹر چوڑے اور 13 میٹر بلند ٹریک کے درمیان معذور اور معمر افراد کے لیے ایک عارضی پل بھی بنایا گیا تھا۔ عارضی مطاف سے قبل 48 ہزار زائرین فی گھنٹہ خانہ کعبہ کے طواف کا شرف حاصل کرتے تھے جب کہ مستقل مطاف کی تکمیل کے بعد ایک لاکھ سات ہزار زائرین بیت اللہ کا طواف کرسکیں گے۔