اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران کی نمائندہ نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کی مذمت کی – رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایران کی نمائندہ “زہرا ارشادی” نے ، جنیوا میں ” فلسطین اور دیگر عرب ملکوں کی مقبوضہ سرزمینوں میں انسانی حقوق کی صورتحال” کے جائزے کے اجلاس میں، عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف موثر قدم اٹھائے جانے کا مطالبہ کیا-

زہرا ارشادی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطین کے بے گناہ عوام کا قتل عام ، ان کی بنیادی تنصیبات اور گھروں کو تباہ و برباد کرنا، بین الاقوامی انسان دوستانہ قوانین، انسانی حقوق کے قوانین، اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اسی طرح جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی ہے-

ارشادی نے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے ساتھ اسرائیلی حکومت کے عدم تعاون پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت نے مقبوضہ فلسطین کی ابتر صورتحال کے خاتمے کے لئے انجام پانے والی تمام بین الاقوامی کوششوں کا مذاق اڑایا ہے- انہوں نے انسانیت سوز اقدامات انجام دینے والے اسرائیلی حکام کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلائے جانے کے لئے،عالمی برادری سے اجتماعی طور پر قدم اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے-