ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ نے حزب اللہ لبنان کو استقامت و پائیداری کا مظہر اور دنیائے اسلام اور عرب ملکوں کے لیے سرمایہ افتخار قرار دیا ہے۔

اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے تہران میں شامی علما کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سامراجی ملکوں کی تابعداری کرتے ہوئے خطے کے بعض ملکوں کی جانب سے حزب اللہ کو دہشت گرد گروہ قرار دیا جانا انتہائی افسوسناک ہے۔

ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مقابلےمیں کامیابی شامی عوام کو نصیب ہوگئی ہے اور ایران خطے کی تحریک مزاحمت کی حمایت جاری رکھے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور تکفیریوں کا سرچشمہ اور ان کی وابستگی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔

عالمی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا کہ خطے کے بعض عرب اور رجعت پسند ملکوں کے حمایت یافتہ تکفیری عناصر اور دہشت گرد گروہ نہ صرف عالمی امن وسلامتی بلکہ خود اپنے حامیوں کے لیے بھی خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

اسٹریٹیجک ریسرچ سینٹر کے سربراہ نے یہ بات زور دیکر کہی کہ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران امت مسلمہ کے درمیان اتحاد ویکجہتی کے قیام اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہا ہے۔

شامی علما کے وفد نے اس ملاقات میں ایران کی جانب سے شامی عوام اور حکومت کی حمایت کی قدردانی کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شام کا بحران جلد ازجلد حل ہوجائے گا۔