روضہ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے متولی اورخراسان رضوی، خراسان جنوبی اور خراسان شمالی صوبوں میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے آیت اللہ عباس وا‏عظ طبسی کو سنیچر کو سپردخاک کردیا گیا ۔

روضہ فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے متولی آیت اللہ واعظ طبسی جمعے کو اسّی برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملے تھے۔

ان کی نماز جنازہ سنیچر کو فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کے صحن میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی امامت میں ادا کی گئی

آیت اللہ عباس واعظ طبسی کی نماز جنازہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ، عدلیہ کے سربراہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر سمیت اعلی حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس موقع پر کہا کہ آیت اللہ واعظ طبسی مجاہد عالم دین تھے اور انھوں نے اسلامی انقلاب سے پہلے بھی اور انقلاب کے بعد بھی اسلامی نظام کی کافی خدمت کی ہے۔

پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی جو آیت اللہ واعظ طبسی کے جنازے میں شریک تھے، صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ آیت اللہ واعظ طبسی اہم انقلابی رہنماؤں میں تھے اور انھوں نے اسلامی انقلاب کی تحریک کے آغاز سے انقلاب کے اہداف اور ملک کی پیشرفت میں اہم کردار ادا کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آیت اللہ صادق آملی لاریجانی نے اخبارنویسوں سے گفتگو میں کہا کہ آیت اللہ واعظ طبسی مجاہد عالم تھے اور انھوں نے انقلاب کی کامیابی کے دوران اور اس کے بعد اسلامی نظام کے تحفظ میں گرانقدر خدمات انجام دی ہیں ۔

ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے انھیں صوبہ خراسان میں اپنا نمائندہ مقرر کیا اور فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری سونپی۔ حضرت امام خمینی رحمت اللہ علیہ کی رحلت کے بعد رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بھی انہیں اس منصب پر باقی رکھا۔

صوبہ خراسان کو تین صوبوں ، خراسان رضوی ، خراسان جنوبی اور خراسان شمالی میں تقسیم کیا گیا تو رہبر انقلاب اسلامی نے انہیں ان تینوں صوبوں کےلئے انپا نمائندہ مقرر کیا ۔

آیت اللہ واعظ طبسی اسی کے ساتھ مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان کے رکن بھی رہے ہیں۔ آیت اللہ واعظ طبسی خراسان کی دینی درسگاہوں کے وفاق، حوزہ علمیہ خراسان کے سربراہ بھی رہے اور انھوں نے اسلامی تعلیمات کےفروغ میں گرانبہا خدمات انجام دیں ۔