سعودی عرب کے جنوب مغربی صوبے جازان میں ایک سرکاری دفتر میں فائرنگ سے کم از کم 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ الدائر کے علاقے میں پیش آیا جب ایک ٹیچر نے محکمہ تعلیم کے دفتر میں گھس کر بھاری ہتھیار کے ساتھ وہاں موجود نگراں اور دفتر کے دیگر ملازمین پر اندھادھند فائرنگ کردی۔

سیکورٹی ادارے اس وقت واقعے کی تحقیقات کررہے ہیں جب کہ صحافتی ذرائع کے مطابق فائرنگ کرنے والے ٹیچر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

روزنامہ “الرياض” نے جازان صوبے میں سعودی ہلال احمر کے میڈیا ترجمان بیشی الصرخی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان کے آپریشنز روم کو جمعرات کی دوپہر الدائر گورنری میں محکمہ تعلیم کے دفتر میں جھگڑے اور فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی۔ ساتھ ہی بھی معلوم ہوا کہ واقعے میں کچھ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

الصرخی نے مزید بتایا کہ اطلاع ملتے ہی فوری طور پر 5 ٹیموں کو جائے وقوعہ پر بھیج دیا گیا۔ پہلی ٹیم کے پہنچنے پر 5 افراد کی موت اور ایک کے شدید زخمی ہوجانے کی تصدیق ہوچکی تھی جب کہ دو زخمیوں کو ایمرجنسی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل بنی مالک ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

جائے وقوعہ پر سیکورٹی فورسز کی بڑی تعداد موجود ہے۔