پاکستان کی بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے اور وقت پر ریٹائر ہوں گے۔

پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پر آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے ’پاکستانی فوج ایک عظیم ادارہ ہے۔ میں ایکسٹینشن میں یقین نہیں رکھتا۔‘

واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں برس نومبر میں ختم ہورہی ہے.

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق قیاس آرائیاں کافی عرصے سے خبروں میں گردش کر رہی تھیں۔

جنرل باجوہ نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا مزید کہنا ہے کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کی مقررہ تاریخ کو ریٹائر ہو جائیں گے۔‘

ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ’شدت پسندی کے خاتمے کےلیے جاری کوششیں جاری رہیں گی اور ملک کے قومی مفادات کا دفاع ہر صورت میں کیا جائے گا۔‘

یاد رہے کہ جنرل راحیل شریف نے 29 نومبر 2013 کو بری فوج کے سربراہ کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔

ان سے قبل جنرل پرویز اشفاق کیانی چھ سال بری فوج کے سربراہ رہے تھے۔ ان کو پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے 2010 میں تین سال کی ایکسٹینشن دی تھی۔ جنرل راحیل شریف پاکستان کے بری فوج کے 15ویں سربراہ ہیں۔