تہران: وزیراعظم نواز شریف اور ایرانی صدر حسن روحانی کی ملاقات میں ایران سعودی عرب کشیدگی ختم کرانے کیلئے ایران اپنا فوکل پرسن مقرر کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں سعودی عرب سے بھی اپنا فوکل پرسن مقرر کرنے کی درخواست کی جائے گی جبکہ پاکستان بھی اپنا فوکل پرسن مقرر کرے گا۔

وزیراعظم نواز شریف نے تہران میں میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران نے تنازع حل کرنے کیلئے فوکل پرسن مقرر کرنے پراتفاق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے بھی کہا جائے گا کہ وہ اپنا فوکل پرسن مقرر کرے۔سعودی عرب اور ایران نے تنازع ختم کرانے کیلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف اور حمایت کی ہے۔ہم نے کسی کے کہنے پر امن مشن شروع نہیں کیا یہ ہمارا اپنا فیصلہ ہے۔نواز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان دو اسلامی ممالک میں مصالحت کیلئے اپنا فرض ادا کر رہا ہے۔دونوں ممالک میں تنازع کا پرامن حل اسلامی اور مقدس فریضہ ہے۔ثالثی کا کردار ادا کرنا ہمارے لئے باعث فخر ہے۔میں دونوں ممالک کے دوروں سے بہت مطمئن ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں اطراف سے کچھ تحفظات ہیں جن کو دور کیا جائے گا۔ پاکستان نے دونوں ممالک کی میزبانی کرنے کی دعوت دی ہے۔