کویت کی ایک عدالت نے ایران اور لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے لیے جاسوسی کے جُرم میں دو افراد کو سزائے موت کا حکم دیا ہے۔

ان دونوں مجرموں میں ایک ایرانی اور ایک کویتی ہے۔ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔عدالت نے ایرانی شہری کو اس کی عدم موجودگی میں قصور وار قرار دے کر پھانسی کی سزا سنائی ہے۔

اس مقدمے میں ان دونوں کے علاوہ چوبیس اور کویتی بھی ماخوذ تھے۔عدالت نے ان میں سے ایک کو قصور وار قرار دے کر عمرقید کی سزا سنائی ہے۔انیس کویتیوں کو پانچ سے پندرہ سال کے درمیان قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔عدالت نے تین ملزموں کو برّی کردیا ہے اور ایک مجرم پر صرف جرمانہ عاید کیا ہے۔

کویتی حکام نے اگست 2015ء میں ایران سے وابستہ مشتبہ افراد کے ایک سیل کو توڑنے کی اطلاع دی تھی اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ وبارود کی بھاری مقدار پکڑی تھی۔ کویتی عدالت نے ان افراد کو جاسوسی اور ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر ایسے وقت میں سزائیں سنائی ہیں جب ایران اور خلیجی عرب ریاستوں کے درمیان سخت کشیدگی پائی جارہی ہے۔یہ کشیدگی سعودی عرب میں ایک شیعہ مبلغ کا دہشت گردی اور بغاوت کے جرم میں سرقلم کیے جانے پر ایران کی جانب سے سخت ردعمل کے بعد پیدا ہوئی تھی۔