ایران کے وزیر صحت حسن قاضی زادہ ہاشمی نے شام میں لڑائی کے دوران زخمی ہونے والے لبنانی شیعہ ملیشیا حزب_اللہ کے جنگجوؤں کی صحت یابی کے بعد دوبارہ محاذ جنگ پر واپسی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

 ایرانی وزیرصحت نے حال ہی میں جنوبی لبنان میں قائم ’’النبطیہ‘‘ نامی ایک اسپتال میں حزب اللہ کے زیرعلاج زخمی جنگجوؤں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کے بعد خواہش کی کہ زخمی جنگجو جلد محاذ جنگ پر لوٹ جائیں۔

خیال رہے کہ النبطیہ نامی اسپتال میں داخل حزب اللہ کے جنگجو شمالی شام کے حلب شہر میں باغیوں کے ساتھ لڑائی میں زخمی ہوئے تھے جنہیں وہاں سے دمشق اور دمشق سے لبنان لایا گیا تھا۔

ایرانی اخبار’’ النھار‘‘ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایرانی وزیرصحت نے لبنان میں حزب اللہ کے زخمی جنگجوؤں کی عیادت ایرانی ہلال احمر کی دعوت پر کی ہے۔ اس موقع پر لبنان میں متعین ایرانی سفیر محمد فتح علی بھی موجود تھے۔

اخباری رپورٹ کےمطابق ایرانی وزیر اور ان کے ہمراہ آئے وفد کو فول پروف سیکیورٹی میں اسپتال کا دورہ کرایا گیا۔ قاضی حسن زادہ ھاشمی نے زخمیوں میں تحائف اور چاکلیٹس بھی تقسیم کیں۔

واضح رہے کہ شام میں صدر بشار_الاسد کے دفاع میں لڑنے والے غیرملکی جنگجوؤں میں لببانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ ایک پیشہ ور جنگ جنگجو گروپ ہے جو پچھلے پانچ سال سے صدر اسد کے خلاف جاری بغاوت کچلنے میں سرکاری فوج کی مدد کررہی ہے۔ اس جنگ میں حزب اللہ کو غیرمعمولی جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا ہے۔