راولپنڈی۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل الجبیر نے اپنی اسلام آباد آمد کے فوری بعد پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی ہے۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ ملاقات جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ہوئی۔

عادل الجبیر نے پاکستانی فوج کے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب اور اس سلسلے میں پاکستانی عوام کے عزم و حوصلے کر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کی قیادت میں بننے والے 34 ملکی اسلامی اتحاد میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بات چیت کرتے ہوئے علاقائی استحکام میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

قبل ازیں سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر دو روزہ سرکاری روزے پر اسلام آباد پہنچے تو ہوائی اڈے پر مشیر خارجہ سرتاج اور دیگر اعلی حکام نے ان کا استقبال کیا۔ ایک سال کی مدت کے دوران عادل الجبیر کا یہ دوسرا دورہ پاکستان ہے جس میں وہ وزیراعظم نواز شریف سمیت دیگر اعلی سول و عسکری شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی وریز خارجہ پاکستانی حکام کے ساتھ داعش کے خلاف بننے والے 34 رکنی فوجی اتحاد میں پاکستان کے کردار کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ سعودی وزیر خارجہ خطے میں امن وامان کی صورت حال اور دو طرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ عادل الجبیر اور مشیر خارجہ نے شام سات بجے مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرنا تھا، جو اب ان کی لیٹ آمد کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی ہے۔