یمن کی آئینی حکومت کی بحالی اور مدد کے لئے سعودی قیادت میں سرگرم عرب اتحاد کے ترجمان بریگیڈئر جنرل احمد عسیری نے کہا ہے کہ صنعاء میں ایرانی سفارتخانے پر اتحادی لڑاکا طیاروں کے حملے سے متعلق ہم تہران کے الزام کی تحقیقات کریں گے۔

ایران کے سرکاری ٹی وی پر تہران دفتر خارجہ کے ترجمان حسین جابر انصاری کا بیان پیش کیا گیا جس میں انہوں نے یمنی دارلحکومت میں اپنے سفارتخانے کی عمارت کو پہنچنے والے نقصان اور عملے کے بعض ارکان کے زخمی ہونے کی ذمہ داری سعودی عرب پر عائد کی تھی۔

جنرل عسیری نے بتایا کہ اتحادی افواج نے صنعاء میں حوثیوں کے ان اہداف پر شدید حملے کئے ہیں جہاں سے سعودی عرب پر بیلسٹک میزائل داغے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے باغی شہری عمارتوں اور متروک سفارتخانوں کو استعمال کر رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اتحاد نے تمام ملکوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے سفارتخانوں کی لوکیشن کے بارے میں تازہ اطلاعات فراہم کریں، اس ضمن میں حوثیوں کی جانب سے فراہم کردہ معلومات مصدقہ نہیں ہیں۔