کالی کٹ :ملکی اتحاد اور آپسی بھائی چارہ کو برقرار رکھنا بیحد ضروری ہے ۔ گنگا جمنی تہذیب ہماری پہچان ہے ،حالیہ دنوں ہرچہار جانب رونما ہوئے متعدد واقعات سے ملک کی شبیہ خراب ہوتی جاری ہے ۔اس سلسلہ میں آج یہاں بعد نماز جمعہ مسجد الحاملی میں گرانڈ مفتی آف انڈیا کی صدارت میں حلقہ ذکر کا انعقاد عمل میں آیا بعدہ شیخ نے جم غفیر مجمع میں اپنے روایتی انداز میں ملک کی امن وشانتی کے لئے خصوصی دعا کی ۔ پوری مسجد آمین آمین کی صدائوں سے گونج اٹھی ۔اس مو قع پر شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان مختلف ادیان ومذاہب ،ذات ،نسل اور کثیر اللسان والاملک ہے ۔یہاں پر تمام مذاہب کو اپنے اپنے حقوق ہیں ،ہندو مسلم ،سکھ او ر عیسائی سب کو اس ملک کا باعزت شہری تسلیم کیا گیا ہے ۔ہر طبقہ کو اسکا بنیادی حق ملے یہی جمہوریت ہے ۔اور جمہوریت کا تحفظ ملک کی سا لمیت کیلئے بیحد ضروری ہے ۔شیخ نے کہاکہ شہریت ترمیمی قانون جمہوریت کے مفاد میں نہیں ہے اس سے مسلمانوں میں اضطراب پایا جارہا ہے ،ملک کا اتحاد اور آپسی بھائی چارہ کو خطرہ لاحق ہے ۔ضرورت ہے حکومت اس ایکٹ پر نظر ثانی کرے ۔تاکہ صدیوں سے چلے آرہے ہندو مسلم ،سکھ ،عیسائی آپس میں اتحاد ،اخوت ومحبت کے ساتھ رہیں ۔اسی میں ملک ومعاشرہ کی فلاح وبہبودی ہے ۔