ڈاکٹر محمد نجیب قاسمی سنبھلی

آج ہمارا ملک مختلف مسائل سے دوچار ہے، جہاں بے روزگاری، مہنگائی اور کسادبازاری سے ملک کی اقتصادی حالت بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے، وہیں مسلمانوں کے آپسی اختلافات کی وجہ سے امت مسلمہ کا شیرازہ بکھرا جارہا ہے، جس سے مسلم مخالف طاقتیں ہی اپنے مقاصد میں کامیاب ہوتی نظر آرہی ہیں۔ اسلام میں اختلاف کی گنجائش تو ہے مگر بغض وعناد اور لڑائی جھگڑا کرنے سے منع فرمایا گیا ہے، جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے پاک کلام میں فرمایا: آپس میں جھگڑا نہ کرو، ورنہ بزدل ہوجاؤگے اور تمہاری ہوا اکھڑ جائے گی۔ (سورۃ الانفال ۴۶) آج بعض طاقتیں اسلام اور مسلمانوں کو ذلیل ورسوا کرنے کے لئے ہر ممکن حربہ استعمال کررہی ہیں، جس سے ہر ذی شعور واقف ہے۔ لہذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنے اختلاف کو صرف اظہار حق یا تلاش حق تک محدود رکھیں۔ ہمیں امت مسلمہ کے شیرازہ کو بکھیرنے کے بجائے اس میں پیوندکاری کرنی چاہئے۔ حال ہی میں جمعیت علماء ہند کے صدر حضرت مولانا ارشد مدنی صاحب نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت سے ملاقات کی تو بعض نام ونہاد مسلم رہنماؤں نے صرف حضرت مولانا ارشد مدنی صاحب سے اپنے ذاتی اختلافات کی وجہ سے اس پر بے جا تنقید کرنی شروع کردی حالانکہ مولانا ارشد مدنی صاحب نے نہ تو چھپ کر ملاقات کی اور نہ ہی اپنی ملاقات کے دوران کسی طرح کا کوئی معاملہ موہن بھاگوت سے طے کیا بلکہ صرف اور صرف انہوں نے ہندومسلم اتحاد کو باقی رکھنے اور مسلمانوں پر ہورہے مظالم کو روکنے کے لئے موہن بھاگوت سے بات کی۔ یقینا آر ایس ایس کے ماضی سے ہمارا سخت اختلاف ہے، مگر ملک کی موجودہ صورت حال میں ہندو مسلم ایکتا میں ہی ہم سب کی جیت ہے۔ ہندوستان جیسے ملک میں بات چیت کے ذریعہ ہی بڑے مسائل کا حل ممکن ہے، لہذا اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ہمارے علماء کرام اور دانشواران قوم آگے بڑھ کر ہندو ومسلم کے درمیان چند سالوں سے پیدا شدہ نفرت کوختم کرنے لئے اپنی خدمات پیش کریں۔ جمعیت علماء ہند تقریباً ۱۰۰ سال سے ہندوستانی لوگ خاص کر اقلیتوں کے لئے بے شمارخدمات پیش کررہی ہے۔ آئیے اس موقع پر ہندوستانی مسلمانوں کی اس عظیم تنظیم کے متعلق کچھ معلومات حاصل کریں۔

آج سے تقریباً ۱۰۰ سال قبل ریشمی رومال تحریک کے روح رواں، اسیر مالٹا، دارالعلوم دیوبند کے پہلے طالب علم اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بانی شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندی ؒکی ہدایت پر انگریزوں سے ملک کی آزادی کے لئے ہندوستانی علماء نے ایک مؤثر ومضبوط تنظیم کے قیام کا فیصلہ کیا جس کا مقصد ملک کی آزادی کے لئے مشترکہ جد وجہد کے ساتھ قرآن وحدیث کی روشنی میں ہندوستانی مسلمانوں کے دینی وسماجی وسیاسی مسائل کا حل قرار دیا۔ ۱۹ نومبر ۱۹۱۹ کو قائم ہوئی اس تنظیم کا نام ’’جمعیت علماء ہند‘‘ رکھا گیا، جس کے پہلے صدر مفتی اعظم حضرت مولانا کفایت اللہ دہلوی ؒ منتخب ہوئے۔
ہندوستانی مسلمانوں کی سب سے قدیم وبڑی جماعت ’’جمعیت علماء ہند‘‘ کے ممبران کی تعداد ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔ پورے ہندوستان میں اس کی صوبائی وعلاقائی بے شمار شاخیں ہیں۔ جمعیت علماء ہندنے ۱۹۴۷ء میں ہندوستان کی آزادی تک (یعنی ۲۸ سال) ملک کی آزادی کے لئے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ جمعیت علماء ہندنے کانگریس کے ساتھ مل کر ہندومسلم مشترکہ جدوجہد اور قربانیوں سے ۱۹۴۷ء میں انگریزوں سے ملک کو آزاد کرانے میں ایسا رول اداکیا کہ جمعیت علماء ہندکی خدمات اور کارناموں کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرسکتی۔ مسلم اور ملک مخالف طاقتیں ملک کی آزادی میں مسلمان خاص کر علماء دین کی قربانیوں پر پردہ ڈالنے کی کوششیں کررہی ہیں، لہٰذا تعلیم یافتہ لوگوں کی دینی واخلاقی ذمہ داری ہے کہ اپنی نئی نسل کو ملک کی آزادی میں مسلمانوں خاص کر علماء کرام کی قربانیوں سے آگاہ کرتے رہیں۔ ان کو یہ بتایا جائے کہ اس ملک میں ہمارا مکمل حق ہے، انگریزوں سے قبل اس ملک پر مسلمانوں کی ہی حکومت تھی اور مسلمانوں کی قربانی کے بغیر اس ملک کی آزادی نا ممکن تھی۔

۱۹۴۷ء میں ملک کی آزادی کے بعد جمعیت علماء ہند نے پارلیمنٹ اور اسمبلی کی سیاست سے علیحدگی اختیار کرکے مذہبی تنظیم کی حیثیت سے تبلیغی، تعلیمی، اصلاحی اور رفاہی خدمات کا میدان خاص کرلیا۔ اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں ہے کہ جمعیت علماء ہندمسلمانوں کو سیاسی سرگرمیوں سے الگ تھلگ رکھنا چاہتی ہے۔ لیکن آزادی اور تقسیم ہند کے بعد سے مسلمان ہندوستان میں اقلیت میں رہ گئے اور اگر مسلمان ’’مسلم لیگ‘‘ کی طرح اپنی پارٹی بناکر الیکشن میں حصہ لیتے ہیں تو اکثریت ہمارے مقابلہ میں متحد ہوکر ہمیں ہر پلیٹ فارم پر شکست دے سکتی ہے۔لہٰذا ضروری ہے کہ ٹھنڈے دماغ سے کام لے کر مسلمانوں کی دینی تربیت کے ساتھ تعلیمی اور رفاہی کاموں میں ان کی مدد کی جائے اور اشتعال انگیز سیاست کے بجائے دوراندیشی سے کام لیا جائے تاکہ مسلمان شریعت اسلامیہ پر عمل کرتے ہوئے عصری علوم سے آراستہ ہوں، پارلیمنٹ اور اسمبلی میں خاطر خواہ ہماری نمائندگی بھی ہوجائے اور ملت اسلامیہ کے دشمن اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔
ملک کی آزادی کے بعد سے تقریباً ۷۲ سال جمعیت علماء ہند نے مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئے صحیح ترجمانی کرکے ہمیشہ تعمیری کاموں پر زور دیا۔ تقسیم ہند کے بعد ہندوستانی مسلمانوں کے لئے سب سے بڑا مسئلہ ان کے دین کی حفاظت تھی کیونکہ شمالی ہندوستان کی بعض ریاستوں سے مسلمان بڑی تعداد میں پاکستان چلے گئے تھے۔ مولانا ابوالکلام آزادؒ نے اسی موقع پر فرمایا تھا کہ اگر آپ نے مسلمانوں کے دین کی حفاطت کرلی تو آپ نے اس ملک کے اندر بڑا کام کرلیا۔ چنانچہ جمعیت علماء ہند نے مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کی۔ جمعیت علماء ہند نہ صرف قرآن وحدیث کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کرتی ہے بلکہ کالج ویونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے والے مسلم طلبہ وطالبات کو وظائف دے کر ان کو عصری علوم کے حصول کے مواقع بھی فراہم کراتی ہے۔

مظفر نگر اور شاملی کے دیہاتوں میں فساد سے متاثرین کے لئے کئی سو مکانات تعمیر کراکر سینکڑوں خاندانوں کے رہنے کا بندوبست کیا۔ ہندوستان میں کسی بھی علاقہ میں سیلاب یا طوفان یا زلزلہ یا دیگر آفات آنے پر جمعیت علماء ہند مصیبت زدہ افراد خاص کر مسلمانوں کی مدد کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ ہندوستان میں موجود دیگر ملی تنظیمیں بھی مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے میں کوشاں ہیں، مگر وہ سینکڑوں بے گناہ مسلمان جو سلاخوں کے پیچھے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، مکمل اخراجات برداشت کرکے ہندوستانی عدالتوں میں جاکر اچھے وتجربہ کار وکیلوں کی مدد سے ان کے کیس کو لڑنا، جمعیت علماء ہند کی ایک ایسی عظیم خدمت ہے جس کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ سینکڑوں بے گناہ مسلمان آج جمعیت علماء ہند کی مسلسل تگ ودو اور جد وجہد کے بعد جیلوں سے باعزت رہا ہوکر آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔
بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہندوستانی مسلمانوں پر خصوصی احوال آگئے ہیں۔ ہر روز ایک نیا مسئلہ جنم لیتا ہے تاکہ مسلمان ان مسائل میں الجھ کر ترقی کی راہ پر گامزن نہ ہوسکیں۔ کبھی وندے ماترم تو کبھی سوریہ نمسکار کا مسئلہ۔ کبھی مسلمانوں کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کا معاملہ تو کبھی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اقلیتی کردار کو ختم کرکے مسلمانوں کی سب سے بڑی عصری درسگاہ کو چھیننے کی کوشش۔ کبھی ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والے، امن کے گہوارے مدارس اسلامیہ پر شک وشبہات کے بادل منڈلائے جاتے ہیں تو کبھی مسلم نوجوانوں کو مختلف تنظیموں سے جوڑ کر انہیں گرفتار کیا جاتا ہے۔

ہندوستانی قوانین میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کواپنے اپنے مذہب کے مطابق عمل کرنے کی مکمل آزادی ہے۔ یعنی نکاح اور طلاق جیسے خاندانی مسائل میں ہر شخص کسی عدالت سے رجوع کئے بغیر اپنے مذہب کی تعلیمات کے مطابق عمل کرسکتا ہے۔ مگر سیاسی فائدہ حاصل کر نے کی غرض سے دہلی مرکز پر قابض بی جے پی سرکار ہندوستانی قوانین کے برخلاف اقلیتوں سے اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی سلب کرنا چاہتی ہے۔

جیساکہ پہلے ذکر کیا گیا کہ گرفتار شدہ بے گناہ مسلم نوجوانوں کے لئے عدالتی لڑائی لڑنے میں جمعیت علماء ہند کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ آج ضرورت ہے کہ علماء دین اختلافی مسائل پر اپنی قیمتی صلاحتیں لگانے کے بجائے امت مسلمہ کی قیادت کرکے انہیں صحیح سمت میں لے کر چلیں۔ ان کی دینی تعلیم وتربیت کے ساتھ ان کے سماجی مسائل کو حل کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ انہیں عصری علوم سے آراستہ کیا جائے۔ اگر کسی مسلم نوجوان یا عالم دین یا اسلامی مرکز یا دینی درسگاہ کو نشانہ بنایا جائے تو اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پوری قوت کے ساتھ مسلم اور ملک مخالف طاقتوں سے مقابلہ کیا جائے۔ اسی میں ملک کی بقاء کے ساتھ ہندوستانی مسلمانوں کی عافیت ہے، ورنہ ہم اس شعر کے مصداق بن جائیں گے:

ایک ہوجائیں تو بن سکتے ہیں خورشید مبیں

ورنہ ان بکھرے ہوئے تاروں سے کیا بات بنے

غرضیکہ آزادی سے قبل جمعیت علماء ہند کی ۲۸ سالہ ملک کی آزادی کے لئے خدمات اور آزادی کے بعد ۷۲ سالہ تعلیمی، اصلاحی اور رفاہی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ گرفتار شدہ بے گناہ مسلم نوجوانوں کے کیس کو تجربہ کار وکلاء کی نگرانی میں مکمل اخراجات برداشت کرکے لڑنا جمعیت علماء ہند کی ایسی عظیم خدمت ہے کہ میری معلومات کے مطابق اس کی کوئی نظیر پورے ہندوستان میں موجود نہیں ہے۔ جمعیت علماء ہند کی ۱۰۰ سالہ خدمات پر متعدد کتابیں تحریر کی گئی ہیں، اس مختصر مضمون میں ان خدمات کو شمار بھی نہیں کیا جاسکتا۔ ہزاروں علماء کرام کی سرپرستی میں پورے ملک میں پھیلی ہوئی ہندوستانی مسلمانوں کی اس تنظیم کے ایک کروڑ سے زیادہ ممبران اگر قوم وملت کی خدمت کے جذبہ سے آراستہ ہوکر میدان عمل میں اتر آئیں تو آج بھی مسلم اور ملک مخالف طاقتیں گھٹنے ٹیک دیں گی ان شاء اللہ۔ بی جے پی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اس بات کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے کہ ہندوستانی علماء کرام کی سب سے بڑی تنظیم ’’جمعیت علماء ہند‘‘ بھگوا دہشت گردوں کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف اٹھائے گئے مسائل پر حکمت وبصیرت کے ساتھ عدالتی لڑائی لڑے، جس کو جمعیت علماء ہند انجام دینے کے لئے کوشاں ہیں، اللہ تعالیٰ ذمہ داروں کی مدد فرمائے۔ سپریم کورٹ میں بابری مسجد کا کیس بھی جمعیت علماء ہند ہی تجرکار وکلاء کی نگرانی میں لڑ رہی ہے۔

آخر میں بارگاہ الہٰی میں دعا گو ہوں کہ جمعیت علماء ہند کے ذمہ داران متحد ہوکر اُسی طرح امت مسلمہ کے مسائل کو حل کرنے کے لئے جان ومال ووقت کی قربانی پیش کریں جس طرح ہمارے اسلاف: مفتی کفایت اللہ دہلوی ؒ، مولانا احمد سعید دہلویؒ، شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنیؒ اور مولانا حفظ الرحمن سیوہاریؒ وغیرہ نے علماء کرام کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ’’جمعیت علماء ہند ‘‘سے خدمات پیش فرمائیں۔ راقم الحروف کے دادا مجاہد آزادی حضرت مولانا محمد اسماعیل سنبھلی ؒ، جو شیخ الاسلام مولانا حسین احمد مدنی ؒ کے اولین خلفاء میں سے ہیں، نے بھی جمعیت علماء ہند کے جھنڈے تلے بڑی خدمات انجام دی ہیں۔