ممبئی: جمعیۃعلماء ہند کے ٹرم کے اختتام پر جمعیۃعلماء ضلع تھانہ و پالگھر کی سہ ماہی میٹنگ آج کاشی میرا،طویلہ والی مسجد میں زیر صدارت مولانا حلیم اللہ قاسمی (صدر جمعیۃعلماء ضلع تھانہ و پالگھر)منعقد ہوئی ،جس میں دونوں اضلاع کی مجلس منتظمہ کے 100سے زائد ممبران نے شرکت کی،مفتی حفیظ اللہ قاسمی نے میٹنگ کی نظامت کے فرائض انجام دیئے۔حافظ محمد فیصل کی تلاوت قرآن پاک سے میٹنگ کا آغاز ہوا اور مفتی فیاض احمد قاسمی نے سابقہ میٹنگ کی کارروائی پڑھ کر سنائی جس کی حاضرین نے تائید کی اور صدر مجلس نے اس پر توثیقی دستخط ثبت فرمائے ۔

مختلف یونٹوں کے نمائندوں نے اپنے اپنے علاقوں میں جمعیۃعلماء کی سر گرمیوں کی تفصیلات پیش کیں ،اور ماہ رمضان المبارک میں جمعیۃعلماء ریلیف فاؤنڈیشن کے لئے فراہمی مالیات میں اپنی دلچسپی اور تعلق کا خاص طور پر ذکر کیا۔

بعض یونٹوں کی طرف سے یہ بات آئی کہ محکمہ پولس اور اے ٹی ایس کے لوگ جمعیۃعلماء کے کارکنان کی تفتیش کر رہے ہیں جس سے اضطراب کا ماحول پیدا ہوگیا ہے۔

صدر مجلس نے اس سلسلے میں فرمایا کہ یہ کوئی گھبرانے یا پریشان ہونے کی چیز نہیں ہے،ان محکموں کی ذمہ داری تحقیق و تفتیش کرنا ہے ،البتہ اس کے سلسلے میں جو طریقہ کار اختیار کیا جارہا ہے ،مثلاً دن بھر بیٹھا کر سوالات کرنا،ذہنی طور پر ماؤف کردینا اس کے بارے میں ضلع تھانے و پالگھر دونوں کے ڈپٹی پولس کمشنر کو تحریر ی درخواست دی جائے اور جمعیۃعلماء کی مقامی یونٹوں کے نمائندے وفد کی شکل میں یہ درخواست لیکر جائیں ۔

حافظ محمد عارف انصاری (جنرل سکریٹری جمعیۃعلماء ضلع تھانے وپالگھر)نے دونوں اضلاع کی یونٹوں کی طرف سے رمضان المبارک میں وصول شدہ رقوم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور یہ بتایا کہ الحمد للہ جمعیۃ علماء ریلیف فاؤنڈیشن کے اخراجات کی ایک ثلث رقم ان دونوں اضلاع کے ذریعہ پوری ہوتی ہے ۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں جمعیۃعلماء کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس جماعت کی سو سالہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ ملک سے محبت ،قومی یکجہتی اور خیر سگالی سے اس جماعت نے کبھی بھی سمجھوتہ نہیں کیا ہے ،سخت سے سخت حالات میں جب کہ نفرت کی آندھیاں چلیں ،اس جماعت کے کارکنان نے محبت کے دیپ جلانے کی کوشش کی اور نفرت کے سوداگروں کا ہدف ملامت بنے،انہوں نے زور دے کر کہا کہ جمعیۃعلماء کے نئے ٹرم کی ممبر سازی کے لئے پوری طرح کمر بستہ ہوجائیں اور گھر گھر جاکر لوگوں کو جمعیۃعلماء کا ممبر بنائیں ۔

اس موقع پر مولانا عبد القادر مظاہری (مہتمم دار العلوم عزیزیہ،میرا روڈ) حاجی محمد ایوب کھتری اور میرا روڈ کی مقامی یونٹ نے ضیافت کی ۔دونوں ضلع سے سو سے زیادہ اراکین منتظمہ نے شرکت کی جن میں عبد المتین شیخ ، محمدسالم گھاؤٹے ،مولانا محمد منذر،حافظ محمد مجتبیٰ ،مولانا حیات اللہ قاسمی،مولانا شہزاد عالم،مولانامحمد ادریس قاسمی،مفتی عبد الاحد ،حاجی محمد صغیر خان،مولانا عتیق الرحمٰن،مفتی محمدیاسین ،مولانا زکریا ،دبیر عالم صدیقی،مولانا محمدعارف عمری،مولانا محمدسرفراز،مولانا عبد السبحان،مولانا شمشیر عالم،مولانا سرور مظاہری،مولانا عبد الصمد قاسمی،مولانا ضمیر احمد فلاحی،مولانا عبد القدوس وغیرہ کے نام قابل ذکر ہیں ۔