کالی کٹ ؍عبدالکریم امجدی ): عالم اسلام کی عظیم عبقری روحانی شخصیت وارث علوم اعلیٰ حضرت مفتی اختر رضاخان قادری ازہری کی رحلت پر آج یہاں مرکز الثقافۃ السنیہ میں درس بخاری کے موقع پر تعزیتی اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا۔اس موقع پر شیخ ابوبکر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تاج الشریعہ کی رحلت کو علمی ودعوتی خسارہ قرار دیا ۔شیخ نے کہاکہ آپ کی شخصیت عالم اسلام کے علمائے کرام اور سواد اعظم اہل سنت جماعت کے اکابر میں سے تھی ۔آپ زہدوتقویٰ ،علم وعمل ،اچھے اخلاق اور دعوت وتبلیغ کے سچے علمبردار تھے ۔شیخ نے کہاکہ آپ دنیائے سنیت کے عظیم رہنمااور افکار رضا کے امین وپاسباںتھے ۔ شیخ ابوبکر نے اظہار تعزیت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ازہری میاں کی شخصیت ہمارے لئے مشعل راہ تھی ۔واضح رہے کہ بریلی شریف کے خانوادئہ اعلیٰ حضرت مفتی اختر رضاخان قادری ازہری بریلوی کے انتقال پُر ملال کی خبر ملتے ہی جہاں پوری دنیا رنج والم میں ڈوب گئی وہیں مرکز الثقافۃ السنیہ میں خاموشی اور سکتہ طاری ہوگیا ۔پوری ریاست میں رنج والم کی لہر دوڑ گئی ،اور جامعہ کے ماتحت فاتحہ وایصال ثواب کی مجلسیں منعقد ہونے لگیں ۔صحن جامعہ میں تعزیتی نششت کے ساتھ آج درس بخاری میںبڑے پیمانہ پر حضرت کی ذات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور مختلف دینی ودعوتی خدمات سمیت فقہی وعلمی پہلوپر روشنی ڈالی گئی ۔اجلاس میں مولانا موسیٰ ثقافی ،مفتی ابراہیم علیمی سمیت اراکین جامعہ اور ہزاروں کی تعداد میں طلبہ شریک رہے ۔اجتماعی دعا کے بعد شیخ ابوبکر احمد کی سربراہی میں وفد مرکز تعزیت کے لئے بریلی شریف روانہ ہوگیا۔