لکھنؤ۔ ملک و ملت کی ہرنازک موڑ پر رہنمائی کرنے والی مسلمانانِ ہند کی سب سے قدیم، متحرک اور فعال تنظیم جمعیۃ علماء ہند کی ریاستی شاخ جمعیۃ علماء اترپردیش کا عظیم الشان اجلاس عام مورخہ10؍مارچ2018ء بروز سنیچر صبح 09؍بجے صوبائی راجدھانی لکھنؤ کے جھولے لال پارک گومتی کے کنارے میں منعقد ہورہا ہے، اجلاس کو کامیاب بنانے کے لئے جمعیۃ کے ذمہ داران و کارکنان پوری دلجمعی کے ساتھ اجلاس کی تیاریوں میں لگ گئے ہیں، صوبے کے تمام اضلاع سے بسوں کی بکنگ ابھی سے شروع ہوگئی ہے، اجلاس کے تئیں لوگوں کے جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے اجلاس میں لاکھوں لوگوں کی شرکت کی امید کی جارہی ہے۔

اسی سلسلے میں جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے آج راجدھانی لکھنؤ کا دورہ کیا اور اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لینے ساتھ جمعیۃ علماء اترپردیش کے کیمپ آفس مدرسہ تعلیم القرآن نزدبڑی مسجد پولیس چوکی عیش باغ لکھنؤ میں اجلاس کے سلسلے میں دفتر استقبالیہ کا افتتاح کیا اور اجلاس کی بھرپور کامیابی کیلئے دعا کرائی۔

جمعیۃ علماء اترپردیش کے آفس سکریٹری مولانا محمد سفیان قاسمی نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے بتلایا کہ اجلاس میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر امیر الہند حضرت مولانا قاری سید محمد عثمان صاحب منصورپوری اور قومی جنرل سکریٹری سابق ممبر پارلیمنٹ مولانا سید محمود مدنی چیف گیسٹ ہوں گے جبکہ ان کے علاوہ ملک بھر سے مختلف مذاہب کے اہم پیشوا،مختلف سیاسی جماعتوں کے ذمہ داران اور دیگر دانشوران قوم شرکت فرمائیں گے۔

اُنہوں نے بتلایا کہ اجلاس کی تیاریوں اور دیگر ملی مسائل پر غور کرنے کیلئے جمعیۃ علماء اترپردیش کی مجلس عاملہ و مدعوئین خصوصی نیز تمام اضلاع کے صدور و نظماء کی ایک اہم میٹنگ مورخہ04؍فروری بروز اتوار صوبائی کیمپ آفس مدرسہ تعلیم القرآن نزد بڑی پولیس چوکی مسجد عیش باغ میں صوبائی صدر حضرت مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوگی جس میں صوبائی جنرل سکریٹری مولانا سید محمد مدنی (دیوبند) بھی شرکت فرمائیں گے۔

دفتر استقبالیہ کے افتتاح کے موقع پر صوبائی صدر کے ہمراہ جمعیۃ علماء اترپردیش کے خازن سید حسین احمد ہاشمی، صوبائی سکریٹری قاری عبدالمعید چودھری، جمعیۃ علماء شہر کانپور کی مجلس منتظمہ کے رکن مفتی اظہار مکرم قاسمی، جمعیۃ علماء کانپور دیہات کے سکریٹری مولانا محمد اسماعیل قاسمی،حافظ امین الحق عبداللہ،حافظ محمد احمد صاحب لکھنؤ، محمد معروف، حافظ شاکرین قریشی، محمد رفاقت، حافظ محمد آصف، عبدالسمیع، سید محمد معین،سید محمد نسیم اور سید محمد شمیم سمیت متعدد لوگ موجود تھے۔