ہنگولی ؍ مہاراشٹر : ربیع الاول کا وہ مہینہ ہے جس میں سرور کائنات رحمۃللعالمین حضرت محمد 249ﷺنے اس کا رخانہ عالم میں آنکھیں کھولیں اور اسی مہینے میں آپ ﷺ نے اس عالم فانی کو الوداع کہا ۔اس سے معلوم ہوتا ہے اس عالم میں تشریف لانا یا یہاں سے عالم بالا کو لوٹ جانا سیرت النبی 249ﷺکا اصل موضوع نہیں ہے بلکہ وہ تعلیمات اور وہ اسوہ جو آپ ﷺ نے ان دونوں واقعات کی درمیانی مدت میں دیا اور پیش کیا ہے وہ اصل اسلام کا پیغام اور رسول اللہ ﷺ کی سیرت کا باب ہے۔ان خیالات کا اظہار مولانا حلیم اللہ قاسمی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے معراج چوک ،پنشن پورہ،ہنگولی میں جمعیۃ علماء ضلع ہنگولی کی جانب سے منعقدہ جلسہ عام بعنوان سیرت النبی ﷺ سے خطاب کے دوران کیا ۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے فرمایا کہ محبت ایمان کا حصہ ہے ،یعنی اللہ سے محبت ،اللہ کے رسول ﷺ سے محبت ،اور جو شخص بھی ان دونوں محبتوں سے خالی ہو اس کا ایمان نہیں ہے،لیکن ہم کو یہ دیکھنا چاہئے کہ ہم صرف زبانی محبت کا دعویٰ کرنے والے ہیں یا عملی طور پر تعلیمات رسول ﷺ کو اپنا کر محبت کی دلیل پیش کرتے ہیں ۔
مفتی حفیظ اللہ قاسمی(ناظم تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے یہ بھی فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ سے بڑھ کر کون رسول اللہ ﷺ سے محبت کرنے والا ہوسکتا ہے ،صحابہ نے اسلامی تاریخ کا رشتہ نبوت اور ہجرت سے جوڑا ،ولادت یا وفات سے نہیں منسلک کیا۔تاریخ کی تمام کتابوں میں سن نبوی اور سن ہجری لکھا رہتا ہے ،سن میلادی عیسائیوں کی تاریخ ہے ،مسلمانوں کی نہیں ہے ۔

ناظم تنظیم مفتی حفیظ اللہ قاسمی نے حاضرین سے خطاب کے دوران سوالیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ حسن اخلاق ،پڑوسیوں کے ساتھ اچھا برتاؤ،صلہ رحمی وغیرہ کی تعلیمات جو رسول اللہ ﷺ ہم مسلمانوں کو دے کر گئے ہیں کیا ہم لوگ اس پر عمل کرتے ہیں ؟

جلسہ کے صدر مولانا مفتی مرزا کلیم بیگ ندوی (صدر جمعیۃ علماء مراٹھواڑہ)نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ آج ہم مہمان مقررین کے درمیان سیرت النبی ﷺ کے جلسے میں موجود ہیں ،آج ہم یہ عہد کر کے اٹھیں کہ ہم سنت رسول کی پیروی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کس قدر افسوس کی بات یہ ہے کہ ایک مسلمان محبت رسول کے مطابق اپنی داڑھی رکھنے کے لئے آمادہ نہیں ہے ۔

جلسہ کی نظامت حضرت مولانا اقبال قاسمی (شہر صدر جمعیۃ علماء ہنگولی )اور تلاوت حافظ شکیل احمد معراجی نے فرمائی جبکہ نعت پاک کا نذرانہ حافظ وقاری عبد الحکم (ضلع سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع ہنگولی )نے پیش کیا ۔

اس جلسہ میں مہمان کی حیثیت سے مولانا اشتیاق احمد قاسمی (نائب صدر جمعیۃ علماء مہاراشٹر)حافظ محمد عارف انصاری (رکن مجلس عاملہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر)مولانا محمد عیسیٰ خان کاشفی (جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء علاقہ مراٹھواڑہ)حافظ عبد الرشید حمیدی (صدر جمعیۃ علماء ضلع پربھنی)اور مقامی ذمہ داروں میں حافظ و قاری حکم محمد عظمت اللہ خان کاشفی ،حافظ فصیح الدین ،مولانا نظام الدین ،مولانا اعجاز احمد قاسمی،خواجہ بھائی ،حافظ محمد علی،موسیٰ بھائی تنبولی،حافظ عبد الواجد،شیخ منیر،شیخ زبیر وغیرہ کے اسماء قابل ذکر ہیں ۔اخیر میں مولانا اعجاز احمد خان بیتی (صدر جمعیۃ علماء ضلع ہنگولی )نے مہمانان کرام اور کارکنان جمعیۃ علماء اور شرکاء اجلاس کا شکریہ ادا کیا ۔