ممبئی: مجلس علماء ہند کے شعبۂ مہاراشٹر کا اجلاس ممبئی کے حسینیہ شوشتری میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں مہاراشٹرکے تمام فعال اور بزرگ علمائے کرام نے شرکت کی اور مجلس علماء ہند مہاراشٹر کے شعبہ کو فعال بنانے کے لئے لائحۂ عمل پر غورکیا گیا ۔اجلاس کی نظامت مولانا ظہیر عباس نے بخوبی انجام دی ۔تنظیم کے صدر مولانا سید حسین مہدی حسینی نے استقبالیہ تقریر کرتے ہوئے کہاکہ مجلس علماء ہند کو قومی مسائل اور علماء کرام کی پریشانیوں کا بہت پہلے سے احساس ہے ۔آج کے اجلاس کا مقصد یہ بھی ہے کہ ایسی راہ حل تلاش کی جائے کہ جو ہماری قوم اور ہماری صنف کو مضبوطی عطا کرے ۔باہمی اختلاف نظر کو نظر انداز کرکے اتحاد کا ثبوت پیش کیا جائے اور علماء بڑی تعداد میں مجلس علماء ہند کی رکنیت اختیار کریںتاکہ مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے ۔

مجلس علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے مجلس علماء ہند کی تاریخ ،اسکی افادیت ،کارنامے و حصولیابیوںاور پریشانیوں کا ذکرتے ہوئے کہاکہ مجلس علماء ہند ملّی و قومی سطح پر اتحاد کی دعوت دیتی ہے ۔قوم کے ساتھ علماء کی صفوں میں بھی اتحاد کی ضرورت ہے ۔اگر ہم متحدہوجائیں گے تو قوم بھی متحد ہوجائے گی ۔انہی مقاصد کے لئے مجلس علماء ہند کا احیاء کیا گیا ہے ورنہ اسکی جگہ کوئی اور تنظیم بھی بنائی جاسکتی تھی مگر بزرگوں کی تنظیم کا احیاء ضروری سمجھا گیا تاکہ کوئی یہ نہ کہہ سکے کہ ہماری تنظیم کی ضد میں اس تنظیم کی بنیاد رکھی گئی ہے ۔مولانا نے کہاکہ اگر ہم متحد نہیں ہونگے تو ہماری نوجوان نسل گمراہ کن نظریات اور مخرب افراد کی تخریب کاریوں کا شکار ہوتی رہے گی ۔قوم کو بے راہ روی سے محفوظ رکھنے کے لئے پہلے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔

مولانا ظہیر عباس نے نظامت کے دوران مجلس علماء ہند کی افادیت اور ضرورت کو بیان کرتے ہوئے کہاکہ مجلس علماء ہند کی ضرورت قومی سطح پر ہے ۔کیونکہ مسائل بے شمار ہیں اس لئے کسی ایسی تنظیم کا ہونا ضروری ہے جو مسائل کو حل کرنے کے لئے ہماری رہنمائی کرے ۔مجلس علماء ہند نے مولانا سید کلب جواد نقوی کی قیادت میں یہ پہل کی ہے اس لئے ہمیں اسکا استقبال کرنا چاہئے۔

تقاریر کے بعد جمہوری طرز پر مجلس علماء ہند کے شعبۂ مہاراشٹرکا انتخاب عمل میں آیا ۔جس میں پندرہ رکنی کمیٹی کو ۷۰ علماء کرام نے ووٹنگ کے ذریعہ منتخب کیا ۔پندرہ رکنی کمیٹی کے منتخب افراد میں مولانا کرامت حسین جعفری،مولانا فرمان موسوی،مولانا حسنین کراروی،مولانا محمد اسلم پونہ،مولانا ظہیر عباس،مولاناشوکت عباس،مولانا حسین مہدی حسینی،مولانا عزیز حیدر،مولانا ذیشان خان،مولانا فیاض باقر،مولانا نوشاد حسین ،مولانا محسن ناصری،مولانا یامین نقوی،مولانا اظہار حسین زیدی،مولانا رضی امام شامل ہیں۔