ترکی نے ایک مرتبہ پھر عراق کے راستے عراقی کردستان کے ساتھ ملنے والی اپنی زمینی سرحد بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس سے قبل ترکی شمالی عراق کے لئے اپنی فضائی سرحد بند کر چکا ہے۔

موقر ترک معاصر عزیز "حریت" نے صدر رجب طیب ایردوآن کا ایک بیان شائع کیا ہے جس میں انہوں نے "کسی بھی لمحے شمالی عراق سے ترکی کی سرحد بند کرنے کی وارننگ دی ہے۔" ترک صدر کا یہ بیان علاقے سے فضائی رابطے منقطع کرنے کے بعد سامنے آیا ہے۔ کردستان کی عراق سے علاحدگی سے متعلق ریفرینڈم کے بعد صدر ایردوآن سرحد بند کرنے کی دھمکیاں دیتے چلے آ رہے ہیں۔

اخبار کے مطابق ان خیالات کا اظہار رجب طیب ایردوآن نے پولینڈ سے واپسی پر اپنے طیارے میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شمالی عراق پر ترک فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عاید کر دی ہے۔ زمینی سرحد کی بندش سے متعلق امور زیر غور ہیں، تاہم ابھی ہم نے یہ قدم نہیں اٹھایا لیکن ہم یہ قدم کسی بھی وقت اٹھا سکتے ہیں۔

سوموار کے روز ترکی نے عراقی کردستان کے لئے اپنی فضائی حدود بند کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ کردستان سے ملانے والی مرکزی رہداری کا کنٹرول عراق کی مرکزی حکومت کے حوالے کر سکتے ہیں۔ شمالی عراق میں الخابور نامی سرحدی رہداری کردستان اور ترکی کے درمیان اہم کراسنگ سمجھی جاتی ہے۔