ممبئی : جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے صوبہ مہاراشٹر میں جمعیہ علماء کی تمام اکائیوں نے منظم انداز میں بہار سیلاب متاثرین کے لئے راحت رسانی اور ریلیف کاکام سرگرمی کے ساتھ جاری رکھا ہے ۔سر دست جمعیۃ علماء عبوری راحت کے لئے ابتدائی مرحلہ میں خورد و نوش کی اشیاء،روز مرہ کے استعمال میں آنے والے سامان،کمبل اور ملبوسات مصیبت زدہ لوگوں کے درمیان تقسیم کر رہی ہے۔

بہار میں وسیع پیمانے پر ہوئی تباہی وبربادی کے مد نظر یہ ریلیف نا کافی ثابت ہو رہی ہے۔جس کے لئے بڑے پیمانے پر منصوبہ بند راحت رسانی وبازآبادکاری کی ضرورت ہے اس لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملت کے تمام افراد کو سرگرم حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ اسی مقصد کے تحت جمعیۃ علماء پربھنی (ارشد مدنی) کے ایک چاررکنی وفد نے صوبائی د فتر واقع امام باڑہ کمپاؤنڈ حاضر ہوکر اپنے علاقے سے جمع شدہ رقم داخل دفتر کی ۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹرنے بتایا کہ جمعیۃ علماء ضلع پربھنی کے صدر قاری عبد الرشید حمیدی اپنے احباب مولانا اعجاز احمد بیتی صدر جمعیۃ علماء ضلع ہنگولی،مولانا سید غلام رسول بیتی نائب صدر جمعیۃعلماء ضلع پربھنی اور حافظ سلیم صاحب نائب صدر جمعیۃعلماء شہر پربھنی کے ساتھ ریاستی دفتر پہونچے اور جمعیۃ علماء کے ریاستی ذمہ دارن سے ملاقات کرکے پربھنی سے جمع ہوئی رقم مبلغ 1,12,750/-روپئے متاثرین کی باز آباد کاری کیلئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر میں جمع کرائی ۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ کل جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے دفتر میں ممبئی ،تھانے اور پالگھر کی تمام مقامی یونٹوں کے ذمہ داروں کی ایک ہنگامی میٹنگ بلائی گئی تھی،جس میں بہار کی موجودہ صورت حال، وہاں کی تباہی وبربادی اورباز آبد کاری کے امکانات پر غور و خوض کیا گیا ۔اور جمعیۃ علماء ہند کے صدر محترم حضرت مولانا سید ارشد مدنی کی جانب سے جاری ہدایت کی روشنی میں باز آباد کاری کے لئے وسائل اور فنڈ جمع کرنے کی اپیل کی گئی ۔

مولانا نے یہ بھی فرمایا کہ اس میٹنگ میں شریک ہونے والوں کے حوصلوں کو دیکھتے ہوئے یہ اندازہ لگایا گیا ہے کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹرکے پاس ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپئے اس مد میں جمع ہوجائیں گے۔
مولانا نے ریاست کی ضلعی ،شہری اور مقامی یونٹوں کے ذمہ داران ،اصحاب خیر اورائمہ مساجد سے اس کار خیر میں زیادہ سے زیادہ حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔