مسلم لیگ کے تحت درگاہ شاہ مینا پر برماکے خلاف مظاہرہ

لکھنو۔برما جیسے چھوٹے ملک میں انسانوں کا قتل عام ہورہا ہے اور وہاںپر اقلیتوںکو نشانہ بنایاجارہا ہے، اس پر امن کے علمبرداروںاور خودساختہ سیکولر ممالک نیز انسانیت کی خدمت کا دعویٰ کرنے والوں کی خاموشی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ انہیں صرف اپنے مفاد سے مطلب ہے۔ انسانوں اور انسانیت سے نہیں۔ برما میں جس طرح مسلمانوں اور ہندوں کوجوکہ وہاں اقلیت میں ہیں نشانہ بنایاجارہاہے۔ ان کا قتل عام ہورہا ہے۔ نسل کشی کی جارہی ہے، لیکن وہاں کے مظلوموںکی حمایت میں کوئی آگے نہیں آیاکہ وہ برما حکومت پر دباؤ بنائے اوروہاں ہورہے ظلم کو بند کرائے۔ مظلوموں کو انصاف دلائے اور ظالم کو سزا، اقوام متحدہ اور اس کے ذیلی ادارہ بھی خاموش ہیں۔ نہ انہیں بچوں کی فکر ہے اور خواتین کی۔ نہ حقوق انسانی کی فکر ہے اور جمہوریت کی۔ حکومت ہندکو چاہئے کہ وہ اپنے اثر رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے مینمار میں ہورہے قتل عام کر ختم کرائے اور جو مظلوم، پناہ گزیر ہیں کہ ان کی مدد کے لیے موثراقدامات کرے۔ یہ مطالبات آج جمعہ کی نماز کے بعد درگاہ شاہ مینا شاہ میں برما کے خلاف ہوئے مظاہرہ میں مسلم لیگ کے عہدیداران نے کئے۔ مسلم لیگ شہر یونٹ کے تحت ہوئے مظاہرہ میں خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ کے ریاستی صدر ڈاکٹر متین خان نے کہاکہ برما میں رہنگیا عوام جس میں ہندومسلمان دونوں شامل ہیں ان دنوں وہاں کے اکثریتی فرقہ کے عتاب کا شکار ہیں۔ انہیں جانوروںکی طرح کاٹا مارا جارہا ہے۔ صنف نازک کی عزت و ناموس کو تار تار کیاجارہا ہے۔ فرقہ پرست ظالمو ں کے ظلم کا عالم یہ ہے کہ وہ معصوم بچوں کوبھی نہیں بخش رہے ہیں۔ لیکن پوری دنیا میں خاموشی سی ہے۔ ڈاکٹر متین نے کہاکہ ہندوستانی حکومت ہمیشہ سے مظلوموں، کمزوروں، اقلیتوں اور ستائے ہوئے انسانوں کے ساتھ رہی ہے۔ فلسطین اس کی بہترین مثال ہے۔ موجودہ وقت میںبھی حکومت ہند کو اپنے اثر رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے قائدانہ کردار کو نبھانہ چاہئے۔ اس ضمن میں ضلع مجسٹریٹ کے توسط سے صدر جمہوریہ ہند کو ایک میمورنڈم بھی ارسال کرایا، جس میں صدر موصوف سے مطالبہ کیاگیاکہ وہ حکومت ہند کو ہدایت دیں کہ ہندوستانی حکومت مظلوموں کی مدد کے فوری اقدامات کرے۔ جو لوگ کیمپوں میںپناہ لئے ہوئے ہیں ان کی غذائی ضرورتوںکے علاوہ میڈیکل اور دیگر ضرورتو ں کو پورا کرنے میں بھرپور مدد کرے۔ اس موقع پر مسلم لیگ کے شہر صدر محمد عبید اور نائب صدر محمد سلیمان، مسلم لیگ طلباء سیل کے منصور عظیم وغیرہ نے بھی اظہار خیال کیا۔ مظاہرہ میں مولانا قاری شاہ فیصل، حاجی فرید احمد، محسن غازی، حافظ محمد سعد، اسد اللہ، محمد عاطف، محمد عادل، محمد ریحان، زید غازی، سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔