مراٹھا کرانتی مہا مورچہ کا جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) نے ستقبال کیا
ممبئی: ریاست کے لاکھوں مراٹھا سماج سے تعلق رکھنے والے افراد کے ذریعہ نکالے گئے خاموش جلوس کے شرکاء کو جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے پانی پیش کیا گیا اور ان کا استقبال کیا گیا۔

جے جے فلائے اور کے پاس لگائے گئے پانی کے اسٹال سے ہزاروں لوگوں کی پیاس بجھائی گئی اور اس کار خیر میں جمعیۃ علماء کے سیکڑوں رضا کاروں سمیت مدارس کے طلباء نے بھی حصہ لیا ۔
شرکاء جلوس نے کرتا پاجامہ اور ڈاڑھی ٹوپی والے رضاکاران جمعیۃ اور مدارس کے طلباء سے مصافہ بھی کیا اور ان کا پانی پلانے کے لیئے کا شکریہ بھی ادا کیا۔

گذشتہ کل دفتر جمعیۃ علماء میں مراٹھا مورچہ کے ذمہ داران نے جمعیۃ مہاراشٹر کے صدر مولانا مستقیم احسن اعظمی، جنرل سکریٹری مولانا حلیم للہ قاسمی و دیگر ذمہ داران سے گفتگو کی تھی اور ان سے تائیددینے کی درخواست کی تھی جس کے بعد جمعیۃ کی جانب سے شرکاء کی خدمت کی گئی۔
کئی ایک نیوز چینلوں اور اخباری نمائندوں نے جمعیۃ علماء کے پانی کے اسٹال کے پاس آکر شرکاء جلوس سے ان کے خیالات بھی جاننا چاہا اور ان کے فوٹوز اور ویڈیوز بھی نکالے۔

واضح رہے کہ تعلیم اور نوکریوں میں مراٹھا سماج کے لوگوں کو ریزرویشن دیا جائے اس تعلق سے کئی مہینوں سے پورے صوبہ میں تحریک چل رہی تھی جس کا آج حتمی پروگرام تھا ۔

شرکاء کے استقبال کے لیئے مولانا معراج الحق قاسمی، مولانا عبدالخالق، عقیل احمد، خلیل الرحمن ، افضل علی ودیگر حضرات جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی جانب سے لگائے گئے اسٹال میں موجود تھے ۔