سارے مذاہب محبت ،امن وشانتی کی تعلیم دیتے ہیں ۔ بابا ستیہ نامداس جی

پونے میں کامیاب سماجک ایکتا کانفرنس کا انعقاد

پونے : یہ ملک ہندوستان ہم سبھی کا ہے اور اس ملک کو آزاد کرانے کیلئے جو قربانی ہمارے اسلاف نے پیش کی وہ سنہری لفظوں میں لکھنے کے قابل ہیں۔گاندھی جی کو ‘مہاتما ‘کا خطاب ہم نے دیا اور جمعیۃ علماء نے اپنے پیسوں سے گاندھی جی کو اس دور میں ملک کے چپے چپے میں گھمایا ۔ جنگ آزادی میں جمعیۃ علماء کے کردار کو بھلایا نہیں جا سکتا۔ موجودہ دور میں بھی جمعیۃ علماء حضرت مولانا سید ارشد مدنی کی قیادت وسیادت میں جو کام کر رہی ہیں وہ ملک کو آگے بڑھانے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا کام ہے ۔ سماج کے ۲؍فیصد لوگ آپس میں مذاہب کی سیاست اور آپسی تنازع کو طول کرکے ملک میں نفرت کے ماحول کو گرم کرنے کا ماحول تیار کر رہے ہیں ۔ لیکن یاد رکھئے نفرتوں کو دور کرنے کیلئے محبتوں کے چراغ کو جلانا ہوگا۔ آئیں دن مسلمانوں پر مسائل درپیش آرہے ہیں ۔لیکن ہم شکر گزار ہے موجودہ حکومت کے جس نے مسلم پرسنل لاء بورڈ میں مداخلت کی ناکام مذموم کوشش کرکے ہماری صفوں میں اتحاد پیدا کیا۔ آج تین طلاق کے مسئلہ کو اچھالنے پر آج ہماری قوم کو طلاق کے مسائل کو واضح کرنے کا اور ازدواجی زندگی گذارنے کی شرعی تعلیم دینا کا سنہری موقع ہم علمائے کرام کو میسر ہوئے ۔ وہیں دوسری طرف ہماری نوجوان نسل جو مسلم پرسنل لاء بور ڈ سے بالکل نا آشنا ہے ان کو آج مسلم پرسنل لاء بورڈ کو سمجھنے اور جاننے کا موقعملا۔ ہمارے بزرگوں نے ابھی تو دستخطی مہم چلائی ہے اگرحکومت نہیں مانے اور شریعت میں مداخلت کی گئی تو تو وقت آنے پر مسلمان سروں کی قربانی پیش کرنے سے بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پونے جمعیۃ علماء (ارشد مدنی ) کی جانب سے اسمبلی ہال ، اعظم کیمپس میں بروز جمعرات ۳؍نومبر کو منعقدہ سماجک ایکتا کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں موجود عوام کے سامنے صدر کانفرنس مفتی محمد ہارون ندوی صدر جمعیۃ علماء ضلع جلگاؤں نے کیا۔ اس کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ پونے ضلع جمعیۃ کے صدر قاری محمد ادریس انصاری نے بہت ہی جامع انداز میں خطپہ استقبالیہ پیش کیا۔ اور آئے ہوئے مہمانان کا استقبال کیا۔ مہمانِ خاص انسانیت کا درس دینے والے ،ایک اللہ اور ایک ایشور کی تعلیم کو عام کرنے والے جناب بابا ستیہ نامداس جی نے اپنے بیان میں لوگوں کو آپسی بھائی چارگی اور اتحاد کوبڑھانے کی بات کہی۔ آپ نے کہا کہ سارے مذاہب محبت ،امن وشانتی کی تعلیم دیتے ہیں ۔ کوئی بھی مذہب آپس میں نفرت کرانا نہیں سکھاتا ۔ آپ نے اپنے انداز میں مشہور قوالی اللہ ہوں، اللہ ہوں گا کر حاضرین کا دل جیت لیا۔ اس موقع پر رکن اٰل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا نظام الدین فخرالدین ،مولانا رزین اشرف ،فادر ڈاکٹر ولیمس اسمتھ(کرائسٹ چرچ)،سنتوش کامبلے (ہیومن رائٹس ) ،جناب کالے صاحب (بام سیف) ،مولانا انور سہیل قادری نے بہت ہی مختصر لیکن جامع انداز میں آپسی محبت کا بڑھانے کا درس حاضرین کو دیا۔ جناب منور پیر بھائی ، حاجی گلزار، حاجی سماجی کارکن غفور پٹھان ، عبدالرشید صاحب (جماعت اسلامی )،رئیس سنڈکے (نگر سیوک )،قاری مہتاب عالم (سیرت کمیٹی )،قاسم بھائی ،لقمان بھائی ،اسٹیج پر موجود تھے ۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں شفقت احمد ،اقبال قاضی ،قاری مشتاق، مولانا شاکر ،مولانا شہاب الدین ،مولانا اسلم ، مولانا امجد، قاری شمشیر ،مولانا محمود ،حافظ منظر امام ،زبیر انصاری ،مقصود سلمانی ،رشید سر کا بھر پور تعاون رہا ۔ پروگرام کی نظامت حافظ شعیب انصاری نے کی ۔ رسم شکریہ یوسف زکاتی نے ادا کیا۔ مفتی ہارون ندوی کی دعا پر کانفرنس کا اختتا م ہوا۔