تھانے :تھانے کے مضافات بدلا پور میں اصلاح معاشرہ کے عنوان سے منعقد جلسے کو خطاب کرتے ہوئے مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ ہم مسلمانوں کو اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھنا چاہئے کہ موجودہ حالات کی آزمائش میں کہیں ہمارا حصہ تو نہیں ہے،
انہوں نے کہا کہ شریعت مطہرہ پر اگر کوئی آنچ آتی ہے تو مسلمان بے چین ہوجاتا ہے اور اس کا یہ جذبہ نہایت قابل قدر ہے، مگر اسی کے ساتھ ہم کو یہ احتساب بھی کرنا چاہئے کہ شریعت کے احکام پر ہم کتنا عمل کر رہے ہیں ،نمازیں ہماری چھوٹتی ہیں،داڑھی ہم منڈواتے ہیں ،شادی بیاہ کے موقع پر اسراف اور فضول خرچی ہم کرتے ہیں ،تو ایسی صورت میں اللہ تعالیٰ کی مدد کیسے آئے گی۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی(جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے مسلم پرسنل لاء کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون کسی انسان کا بنایا ہوا نہیں ہے،جس کو جب چاہیں تبدیل کر دیں ۔ یہ کتاب و سنت پر مبنی قانون الہی ہے جس کی ضمانت دستور ہند میں دی گئی ہے اگر حکومت کو یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کا اتناہی شوق ہے تو پہلے اس کا مسودہ تیار کر کے ملک کے باشندوں کے سامنے بحث و مباحثہ کے لئے رکھے،ہم کو یقین ہے کہ ملک کی اکثریت اس کو رد کر دیگی،مسلم پرسنل لاء بورڈ نے لاء کمیشن کی ووٹنگ کا بجا طور پر بائیکاٹ کیا ہے اگر حکومت مخلص ہے تو مسلم رہنماؤں اور مسلم تنظیموں سے رائے معلوم کرلے،ان کو پتہ چل جائے گا کہ مسلمانوں میں 99فیصد مرد اور خواتین مسلم پرسنل لاء کو پسند کرتے ہیں ۔
حاجی محمد صغیر خان کی صدارت میں منعقد اس میٹنگ میں وانگنی و بدلا پور میں تشکیل دی گئی جمعیۃ علماء کی نئی یونٹ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی نے کہا کہ جمعیۃ علماء کے بزرگوں کی ہمیشہ سے لڑائی فرقہ پرستی سے رہی ہے،خواہ وہ زعفرانی فرقہ پرستی ہو یا ہلالی تنگ نظری ،وہ لسانی عصبیت ہو یا علاقائیت پرستی،غرض ہر طرح کی فرقہ پرستی کے خلاف جمعیۃ علماء تاریخ کے ہر دور میں میدان میں رہی ہے اور آج بھی اس کا یہ سلسلہ جاری ہے۔
مفتی حفیظ اللہ قاسمی (ناظم تنظیم و اصلاح معاشرہ ،جمعیۃعلماء مہاراشٹر)نے اس پروگرام کی خوبصورتی کے ساتھ نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے کہا کہ فرقہ پرستی کے مقابلے میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید ارشدمدنی دامت برکاتہم نے قومی یکجہتی کا نعرہ بلند کیا ہے ،اور ملک کے گوشے گوشے میں اس عنوان پر کانفرنسیں منعقد کی جارہی ہیں ،اور اسی سلسلے کی ایک بڑی کانفرنس 20اکتوبر کو دھولیہ میں ہونے جارہی ہے ،انہوں نے کہا کہ پورے مہاراشٹر سے لوگ جوق در جوق اس کانفرنس میں شرکت کے لئے جانے کی تیاری کر رہے ہیں ،اور آپ حضرات بھی اپنے احباب اور دوستوں کے ساتھ شرکت کی ترتیب بنالیں۔
اس موقع پربڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جن میں مولانا محمد ادریس(جمعیۃ علماء کلیان)،مولانا عتیق احمد (جمعیۃ علماء امبر ناتھ )،حافظ محمد عارف انصاری(جمعیۃ علماء ضلع تھانے)،مولانا ثناء اللہ (جمعیہ علماء بدلا پور)،مولانا اسجدقاسمی( جمعیۃ علماء بدلا پور) وغیرہ قابل ذکر ہیں