عراق کے مختلف علاقوں میں داعش کے خلاف فضائی اور زمینی آپریشن میں درجنوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔
عراق کے وار انفارمیشن سینٹر نے منگل کو ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ موصل کے مغرب میں داعش کے مراکز پر عراقی فضائیہ کے حملے میں درجنوں دہشت گرد مارے گئے ہیں جن میں داعش کا ایک سرغنہ بھی شامل ہے جو یورپی دہشت گردوں کی بھرتی کا انچارج تھا۔
دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اطلاعات فراہم کرنے کے مرکز، وار انفارمیشن سینٹر نے ایک اور بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ صوبہ الانبار کے ضلع حدیثہ میں فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ایک اپریشن میں تین خود کش دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ داعش کے یہ تینوں دہشت گرد خودکش جیکٹیں پہنے ہوئے تھے اور دہشت گردانہ حملوں کے لئے حدیثہ میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ رپورٹ کے مطابق عراقی جوانوں نے انہیں پہچان لیا اور قبل اس کے کہ وہ کوئی اقدام کرتے انہیں ہلاک کر دیا گیا۔
عراق کے وار انفارمیشن سینٹر نے اسی طرح بتایا ہے کہ عراقی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے فلوجہ میں بھی داعش کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے دسیوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے