کالی کٹ /گجرات (عبدالکریم امجدی)
تعلیم انسانی ترقی کا ایک اہم جز ہے،اور افراد کی زندگیوں اور معاشروں کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔مذکورہ خیالا ت کا اظہار مرکز نالج سٹی کے ایم ڈی ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے گجرات میں راجکوٹ کے دھوراجی میں جیمس کیڈس گارڈنس اسکول کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ذریعہ ہی ملک وملت کی ترقی ممکن ہے۔ڈاکٹر ازہری نے کہاکہ کیرل کو یہ شرف حاصل ہے کہ وہ تعلیم میں امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ ریاست ایک بیدار قوم کہلاتی ہے جو ثقافتی،سیاسی،ملی،مذہبی اور فلاحی میدان میں نمایاں نظر آتی ہے۔ آج پورے ملک میں ضرورت ہے کہ کیرالہ ماڈل ایجوکیشن سسٹم نافذ کیا جائے۔ نامور عالم دین مولانا عبدالستار ہمدانی نے مرکزگجرات کی خدمات کو سراہا اور کہاکہ شیخ ابوبکر احمد نے قوم کو دینی وعصری تعلیم کا جو سسٹم دیا ہے اسے اپنا نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم وفنون کی ضرورت وقت کا اہم تقاضہ ہے جسکانمونہ جامعہ مرکزالثقافۃ السنیہ نے پیش کیا ہے وہقابل تحسین اور تقلید ہے۔پروگرام سے استقبالیہ خطاب مناف بھائی نورانی نے کیا۔جبکہ صدارتی فرائض مولانا بشیر احمد نظامی (ڈائیریکٹر مرکز گجرات) نے انجام دیا۔واضح رہے کہ گرانڈ مفتی آف انڈیا کی قیادت اور ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری کی سرپرستی میں جامعہ مرکز الثقافۃ السنیہ کے زیر اہتمام گجرات کے مختلف اضلاع میں کل ۳۱/انگلش میڈیم اسکول اور کئی مدارس،سینٹرس سمیت رفاہی کام نہایت ہی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ آج گجرات کے راجکوٹ شہر دھوراجی میں جیمس کیڈس گارڈنس اسکول کا قیام عمل میں آیا۔ جس میں LKGسے پانجویں کلاس تک علوم وفنون کا معقول نتظام وانصرام ہے۔ نئی بلڈنگ تین منزلہ عمارت ۵۲/کمروں پر مشتمل ہے۔ یہ ادارہ ٹرسٹی حاجی احسان بھائی گدا والے دھوراجی کی ماتحت ہے۔ آخر میں حاجی امین بھائی نے تمام سامعین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔صلوۃوسلام پر اسکول پروگرام کا اختتام ہوا۔