کیرالہ مرکز نالج سٹی میں منعقدہ انٹر نیشنل میلاد کانفرنس میں ملک وبیرون ممالک کے مذہبی پیشوا،عالمی مبلغین،اسلامی تنظیموں کے سربراہان کی شرکت
کالی کٹ (عبدالکریم امجدی)
ماہ ربیع الاول کے مقدس موقع پر کیرل کے نالج سٹی میں جامع الفتوح کے زیر ہتمام ایک روزہ عظیم الشان پیمانہ پر انٹر نیشنل میلادکانفرنس کا انعقاد عمل میں آیا۔جس میں ملک وبیرون ممالک کی عظیم ہستیاں،مذہبی قائدین اور اسلامی تنظیموں کے سربراہان سمیت علما ومشائخ کیرالہ کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔ کانفرنس میں مختلف سیشن ہوا۔ جس میں قابل ذکر پروگرام مولود شریف،بردہ مجلس،ختم القرآن مجلس ہے۔آخری سیشن اجلاس عام کا افتتاح مشہور عالم دین لبان کے مفتی شیخ اُسامہ عبدالرزاق نے کیا۔انہوں نے اپنے افتتاحی پیغام میں سیرت طیبہ پر جامع روشنی ڈالی۔کانفرنس سے کلیدی خطاب میں گرانڈ مفتی آف انڈیا شیخ ابوبکر احمد نے کہاکہ انسانی زندگی کے تمام مسائل کا حل اسوۂ حسنہ کی عمل پیروی میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ انسانیت کا رشتہ ختم ہوتا نظر آرہا ہے،آج دنیا کتنی بھی ترقی کرلے،آپسی بھائی چارگی،محبت اور پیغام امن کا درس محسن انسانیت کی تعلیمات سے ملتا ہے۔ جس میں دنیا وآخرت کی سرخروئی ہے۔ شیخ نے کہاکہ آج لوگوں میں ایک دوسرے کے تعلق سے نفرت،رشتوں کی بے قدری،اخلاقی گراوٹ بڑھتی جاری ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اسوۂ حسنہ کو بالائے طاق رکھ دیا گیا ہے۔ شیخ نے کہاکہ اسوۂ حسنہ پوری انسانیت کے لئے مشعل ہدایت ہے۔
کانفرنس سے تعارفی خطاب میں ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری نے کہاکہ آقا علیہ السلام نے مدینہ میں پہونچتے ہی پہلا درس تعلیم اور سماج کی ترقی کا دیا،صحابہ کرام کو جمع کرکے وہاں کی ماحول سازی کی۔ڈاکٹر ازہری نے کہاکہ دینی ترقی ہو یا ملکی، سائنسی ایجادات ہو یا تکنالوجی ہر امور کے لئے ماڈل تعلیم رسول ہے۔ڈاکٹر ازہری نے کہاکہ ترقی کے ہر منازل کے لئے معلم کائنات کی زندگی کامطالعہ بیحد ضروری ہے۔مصری صدر کے مذہبی امور کے مشیر اور صلاح کا ر ممتازعالم دین ڈاکٹر اُسامہ الازہری نے کہاکہ سیرت طیبہ میں دنیا وآخرت کی سرخروئی مضمر ہے۔ عالمی قیام ِ امن اور بھائی چارہ،اخوت ومحبت،انسانیت کی فلاح وبہبودی کا پیغام ہمیں سیرت طیبہ سے ملتا ہے۔ شیخ اُسامہ ازہری نے امت مسلمہ کو سیرت طیبہ پر عمل پیروی کی تلقین کی۔ زیتونہ یونیورسٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ محمد المدنی،شیخ انیس المرزوقی نے بھی اظہار خیال فرمایا۔اس موقع پر ڈاکٹر ازہری کی لکھی ہوئی کتاب کی رونمائی ہوئی۔کانفرنس کے مہمان خصوصی کیرالہ منسٹر آف پورٹ اینڈ میوزیم احمد دیواکوئل،ملیشیا پرائمنسٹر کے وفد سے داتونور محمد،داتو ایوب خان،ڈاکٹر بشیر محمد ازری رہے۔اہم شرکاء میں کیرالہ حج کمیٹی کے چیئرمین سی محمد فیضی،سمستھا کیرالہ سکریٹری مولانا عبدالقادر،کیرالہ مسلم جماعت کے جنرل سکریٹری سی ابراہیم خلیل البخاری،اے پی عبدالکریم حاجی چالیم،ڈاکٹر حسین ثقافی کے اسماء قابل ذکر ہیں۔کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن سے سید علی بافقیہ کی دعاؤں سے ہوا۔تہنیتی کلمات سید محمد تراب ثقافی نے پیش کیا۔آخر میں تمام سامعین کا شکریہ عبدالرحمن حاجی نے کیا اور صلوۃ ودعاپراختتام پذیر ہوا۔
فوٹو کیپشن:کیرل کے نالج سٹی میں جامع الفتوح کے زیر اہتمام منعقدہ انٹر نیشنل میلاد کانفرنس کا افتتاح مشہور عالم دین لبنان کے مفتی شیخ اُسامہ عبدالرزاق الرفاعی نے کیا۔