شام کے سب سے بڑے شہر حلب میں گذشتہ سات روز کے دوران باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں پر فضائی حملوں میں 18 بچوں سمیت 123 شہری ہلاک ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصد گاہ برائے انسانی حقوق نے جمعہ کو یہ اعداد وشمار جاری کیے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا ہے کہ یہ فضائی حملے شامی فوج نے کیے ہیں یا اس کے اتحادی روس کے لڑاکا طیاروں نے عام شہریوں کو اپنے حملوں میں نشانہ بنایا ہے۔

اس مانیٹرنگ گروپ نے شام میں موجود اپنے نیٹ ورک کے حوالے سے مزید بتایا ہے کہ حلب میں حکومت کے کنٹرول والے علاقوں پر باغیوں کی گولہ باری سے 13 بچوں سمیت 71 شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

شامی فوج کی حلب میں گولہ باری سے تین بچوں سمیت مزید آٹھ شہری مارے گئے ہیں۔گذشتہ روز پیرس میں قائم ڈاکٹروں کی تنظیم طبیبان ماورائے سرحد (ایم ایس ایف) کے زیر انتظام ایک اسپتال پر فضائی حملے میں کم سے کم تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسٹافن ڈی مستورا نے کہا ہے کہ اسپتال پر یہ فضائی حملہ جان بوجھ کر کیا گیا ہے۔