تہران کےخطیب جمعہ آیت اللہ احمد جنتی نے کہا کہ ایران امریکہ کی بالادستی اور ناجائز مطالبات کو ہر گز تسلیم نہیں کرے گا۔

تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطبوں میں آیت اللہ احمد جنتی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک کو اچھی طرح جان لینا چاہیے کہ ایران کے عوام سرتسلیم خم کریں گے اور نہ ہی ان کی جانب سے تھوپی جانے والی شرائط قبول کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایران کے عوام سامراجی طاقتوں کے توسیع پسندی کا ہر حال میں ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔

تہران کے خطیب جمعہ نےکہا کہ ایران ایک جمہوری ملک ہے اور رواں سال فروری میں ہونے والے پارلیمنٹ اور ماہرین کی کونسل کے انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت اس کا واضح ثبوت ہے۔

آیت اللہ احمد جنتی نےاقتصادی ترقی اور دفاعی طاقت میں اضافے کو امریکی دھمکیوں اور پابندیوں کے مقابلے میں استقامت کا واحد راستہ قرار دیا۔ انہوں کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی کے اعلان کردہ سلوگن، استقامتی معیشت ، اقدام و عمل ، کو یقینی بنانے کے لیے گہری منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ نے بعض ممالک کی جانب سے تیل کی عالمی قیمتوں کو کم رکھنے کی کوششوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا واحد مقصد اسلامی جمہوریہ ایران کو نقصان پہنچانا ہے، تاہم انہیں جان لینا چاہیے کہ سینتس سال سے قومی مفادات اور انقلاب اسلامی کی امنگوں کا دفاع کرنے والےآج بھی ایران کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔

آیت اللہ جنتی نے خطے کے بعض ملکوں میں جاری بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسلمانوں کے خلاف دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام اور خطے کے ملکوں میں جنگ اور قتل و غارتگری کاجلد خاتمہ ہوگا۔