سعودی عرب اور یمن میں اس ہفتے کے دوران بارشوں اور طوفان بادوباراں کے نتیجے میں بیالیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ دونوں ملکوں کے حکام کے مطابق یمن کے شمالی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے چوبیس افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ سعودی عرب میں طوفانی بارشوں سے اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

یمن کے سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ دارالحکومت صنعا سے شمال میں واقع صوبے عمران میں سیلاب سے دس افراد ہلاک ہوئے ہیں اور متعدد لاپتا ہیں۔سیلاب سے بیسیوں مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور عمران اور حجہ کے درمیان رابطہ سڑکیں ٹوٹ گئی ہیں۔

صنعا سے شمال مغرب میں واقع صوبے حجہ میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے چودہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔حجہ سے جنوب میں واقع صوبے آلمہویت میں ایک ڈیم ٹوٹ جانے سے سیلاب آگیا اور سیکڑوں ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آگئی ہے اور پل ٹوٹ گئے ہیں۔

سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بتایا ہے کہ الریاض سے حائل تک اور مکہ مکرمہ ،مدینہ منورہ ،البھا ،عسیر ،نجران اور جازان میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں اٹھارہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔محکمے نے سیلاب میں گھرے ہوئے 915 افراد کو بچایا ہے اور انھیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

البھا میں تین روز تک شدید بارش ہوئی ہے اور اس دوران پیش آنے والے حادثات میں ستائیس افراد زخمی ہوگئے۔صحرائی علاقےمیں واقع سعودی دارالحکومت الریاض میں بھی اس ہفتے کے دوران شدید بارشیں ہوئی ہیں۔بدھ کے روز شہر کی شاہراہیں زیر آب آ جانے کی وجہ سے ٹریفک جام ہوکر رہ گیا اور طوفان بادوباراں کے شہر کے اسکولوں کو بند کردیا گیا تھا۔