لکہنوُ: اردو زبان و ادب کی اہمیت و مقبولیت اور عالم پر اس کے اثرات کو دیکھتے ہوئے لکھنؤ میں ایک عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیاجو دو اور تین مئی کو ہو رہی ہے۔اس عالمی کانفرنس کے سلسلے میں آج شعبہئ اردو، لکھنؤ یونیورسٹی، لکھنؤ میں اس کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے مشاورتی مجلس کا انعقاد کیا گیا۔جس کی سرپرستی پروفیسر شارب رودولوی اور صدارت ڈاکٹر سیدمحمد عمار رضوی صاحب نے فرمائی۔اس نشست میں مختلف امور کی ذمہ داریاں اتفاقِ رائے سے تقسیم کی گئیں تا کہ یہ دو روزہ عالمی اردو کانفرنس بحسن وخوبی وبا آسانی اپنی منزل پر کامیابی سے پہنچ سکے۔ان امور کی تقسیم اس طرح ہے کہ محسن اقبال صاحب کو ٹرانسپورٹ، سید وقار رضوی صاحب کو نشر و اشاعت،بیرونِ ملک سے تشریف لانے والے مہمانوں کو لکھنؤ کے تاریخی مقامات،دانش گاہوں اور تعلیمی اداروں نیز مولانا آزاد انسٹیٹیوٹ آف ہیومینیٹیز سائینسز اینڈ ٹیکنا لوجی، محمود آبادکے دورے کے لئے اسلم بیگ، فرقان بیگ،ڈاکٹر عبید الرحمٰن،ڈاکٹر منتظر مہدی اورڈاکٹر علی سلمان صاحب کو مقرر کیا گیا ہے۔یونیورسٹی سے متعلق امور کی ذمہ د اری ڈاکٹر عباس رضا نیر،ڈاکٹر سلیمان رضوی اور ڈاکٹر آروپ چکرورتی کو دی گئی۔کارڈ اور بینروغیرہ کی ذمہ داری احمد عرفان علیگ کو سونپی گئی۔

اس موقع پر ایک سووینئر بھی نشر کیا جائے گا جس کی ذمہ داری پروفیسر شارب رودولوی، احمد عرفان علیگ،ڈاکٹر عباس رضا نیر اور وقار رضوی کودی گئی ہے۔اس موقعے پر وجاہت مرزا چنگیزی کی کتاب’آخری تاج دارِ اودھ واجد علی شاہ کی منظوم کہانی‘ (مثنوی)کا اجرا بھی عمل میں لایا جائے گا جس کی ذمہ داری عمار انیس نگرامی،یاسر جمال انصاری، اختر سعید اور کرارحسین کو سونپی گئی۔اسٹیج کی آرائش، ہال کی تزئین،مہمانوں کا استقبال اور نظم وضبط کی ذمہ داریاں قاضی اسد،شاہد رضا اور عبد السلام کو سونپی گئی ہیں۔دو مئی کو شام پانچ بجے افتتاحی پروگرام مالویہ ہال لکھنؤ یونیورسٹی، لکھنؤ میں ہوگا۔ جس میں مہمانِ خصوصی اتر پردیش کے گورنرشری رام نائک جی  ہوں گے اور صدارت پروفیسر ایس بی نمسے صاحب فرمائیں گے۔اس کانفرنس میں مختلف ملکوں سے اردو زبان و ادب سے تعلق رکھنے والے ادیب و دانشور شرکت فرما رہے ہیں۔جن میں اہم نام پروفیسر عارف نقوی(ہمبلٹ یونیورسٹی، برلن)، مسٹر انور ظہیر جرمنی،مسز سارا ظہیر جرمنی، مسز  نرگس جانٹزا (یورپ)،دھیرج رائے جرمنی،ڈرک جانٹزا اور دیویندر سنگھ شرکت فرما رہے ہیں۔یہ پروگرام شعبہئ اردو لکھنؤ یونیورسٹی، لکھنؤ اور مولانا آزاد انسٹیٹیوٹ آف ہیومینیٹیز اینڈ ٹکنالاجی کے اشتراک سے منعقد ہو رہا ہے۔اس پروگرام کے دیگر تکنیکی اجلاس شعبہئ اردو کے مسعود حسن رضوی سیمینار ہال میں ہو ں گے۔اور اختتامی اجلاس بھی شعبہئ اردو میں منعقد ہوگا۔اس پروگرام میں اردو زبان و ادب کی نمایاں عالمی خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اردو عالمی اوارڈ سے بھی نوازا جائے گا۔ جن کے ناموں پر ہماری کمیٹی غور و خوض کر رہی ہے۔ جن کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا