پاکستان نے افغان حکام کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ آئی ایس آئی افغانستان میں طالبان گروہ کی حمایت کرتی ہے۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے افغانستان میں آئی ایس آئی کی جانب سے طالبان کی حمایت کئے جانے کے بارے میں افغان حکام کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا۔ انھوں نے پاکستان کے خلاف عائد کئے جانے والے الزامات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف برسرپیکار ہے اور بلا کسی تفریق کے دہشت گردوں کے خلاف پاکستانی فوج کا آپریشن جاری ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ دہشت گردی ایک مشترکہ دشمن ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لئے تعاون کی ضرورت ہے۔

اس سے قبل افغان حکام نے دعوی کیا کہ طالبان کے اہم رہنماؤں کو پاکستان میں پناہ دی گئی ہے اور پاکستان کے علاقوں سے وہ افغانستان میں حملے کروا رہے ہیں۔ افغان حکام نے یہ بھی دعوی کیا کہ پاکستان کی آئی ایس آئی افغانستان میں طالبان گروہ کی حمایت کرتی ہے جبکہ پاکستان کے حکام افغان حکام کے اس دعوے کی تردید کرتے ہیں۔