اسلامی جمہوریہ ایران میں مجلس شورائے اسلامی کے دسویں دور اور مجلس خبرگان رہبری کے پانچویں دور کے انتخابات کے لیے صبح آٹھ بجے سے پولنگ شروع ہو گئی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے شام چھے بجے تک جاری رہے گا اور اگر ضروری ہوا تو وزارت داخلہ اس میں مزید چند گھنٹے کی توسیع کر سکتی ہے۔

ایرانی عوام آج کے انتخابات میں ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے دو سو نوے اور ماہرین کی کونسل مجلس خبرگان رہبری کے اسی نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔

ایران کے وزیر داخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا ہے کہ ان انتخابات کے لیے باون ہزار پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں اور ایک لاکھ بیس ہزار بیلٹ باکس تیار کیے گئے ہیں جبکہ دس لاکھ افراد پر مشتمل انتخابی عملہ پولنگ اسٹیشنوں پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ تقریبا ساڑھے پانچ کروڑ ایرانی ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ دنیا کے انتیس ممالک کے میڈیا کے چار سو تہتر نامہ نگار ان انتخابات کی کوریج کررہے ہیں۔

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے بدھ کے روز نجف آباد کے عوام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو اسلامی نظام کی تقویت اور دشمن کی سازشوں کی ناکامی کا اہم ترین عامل قرار دیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ انتخابات کی اصل اہمیت صرف ووٹ ڈالنا نہیں ہے بلکہ طرح طرح کی ظالمانہ پابندیوں، دباؤ اور مذموم پروپیگنڈے کے ہوتے ہوئے دشمن کے مقابلے میں قوم کے سینہ تان کر کھڑے ہونے کا نام ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی بدھ کے روز عوام کے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ انتخابات میں اپنی بھرپور شرکت سے جمہوریت، قومی قدرت و طاقت اور اجتماعی سرمائے میں اضافہ اور اتحاد اور اسلامی اخلاق کا مظاہرہ کریں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی انتخابات میں عوام کی بھرپور شرکت کو دنیا میں ملت ایران کی ساکھ میں اضافے کا باعث قرار دیا اور کہا کہ علاقے اور دنیا کے موجودہ حالات نے ان انتخابات کی اہمیت کو بڑھا دیا ہے۔ زرتشتیوں اور کلیمیوں سمیت ایران کی دینی اقلیتوں نے بھی انتخابات میں بھرپور شرکت کا اعلان کیا ہے۔