کویت سٹی،ریاض: سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد کویت اور قطر بھی میدان میں آگئے اور سیکیورٹی خدشات کی بناءپر اپنے شہریوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدایت کردی، تہران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کے بعد سے خطے میں کشیدگی بڑھتی جارہی ہے ۔ 

بیروت میں کویتی سفارتخانے کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں شہریوں کو خبردار کیاگیاہے کہ انتہائی ضروری حالات کے بغیرلبنان چھوڑدیں تاہم اس اعلان کی وجہ نہیں بتائی گئی ۔ یہ الرٹ ایک ایسے وقت پر سامنے آیاہے جس سے ایک دن قبل سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے بھی اپنے شہریوں کو اسی طرح کی ہدایت کی تھی ۔ اپنے شہریوں کو لبنان جانے سے روکنے والے تمام پانچوں ممالک خلیج تعاون کونسل کے رکن ہیں اور عمومی طورپر سعودی عرب کے سفارتی موقف کی تائید کرتے ہیں ۔ خلیج تعاون کونسل کا چھٹارکن عمان اپنے عرب پڑوسیوں اور ایران سے برابری کی سطح کے تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہے ۔ 

یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ لبنان چھٹیاں منانے کیلئے عرب شہریوں کاپسندیدہ مقام ہے ۔ یہ فیصلے سعودی عرب کے تین بلین ڈالر کے لبنان آرمی کی امداد بند کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آئے ہیں کیونکہ لبنان کی حکومت نے اس مذمتی بیان پر دستخط کرنے میں ناکام رہی تھی جس میں ایران میں سعودی سفارتخانے پر حملے کی مذمت کی گئی تھی۔