امریکی سینٹ کی کمیٹی برائے خارجہ تعلقات کے چیئرمین نے پاکستان کو ایف سولہ جنگی طیاروں کی فروخت پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق ریپبلکن سینیٹر باب کورکر نے کہا ہے کہ پاکستان، طالبان اور حقانی نیٹ ورک کی حمایت اور القاعدہ کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کر رہا ہے۔ اس سے قبل امریکی حکومت نے بارہ فروری کو اعلان کیا تھا کہ اس نے انسٹھ کروڑ ڈالر کے آٹھ ایف سولہ طیاروں، ریڈار اور دیگر فوجی آلات کی فروخت کے سودے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ امریکی قانون سازوں کو اس فروخت کو روکنے کے لئے تیس دن کی مہلت دی گئی تھی۔ امریکی سینیٹر باب کورکر نے کھل کر کہا کہ وہ، پاکستان کو ایف سولہ طیاروں اور دیگر سامان جنگ کی فروخت کے حوالے سے شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے سینیٹر باب کورکر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے اور ہمیں اس بات کو مدنظر رکھنا چاہئے کہ پاکستان ہمارا اتحادی بھی ہے۔ انہوں نے حکومت امریکہ کے اس فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور اسے ان ہتھیاروں کی ضرورت ہے۔