اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان حسین جابری انصاری نے انقرہ میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، ترکی کی حکومت اور عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ذراےُ کے مطابق حسین جابری انصاری نے کہا کہ انقرہ کے دہشت گردانہ حملے نے ایک بار پھر ایک مشترکہ عالمی خطرے کے طور پر دہشت گردی کا متحد ہو کر مقابلہ کرنے کی ضرورت کو عیاں کر دیا ہے۔ 

واضح رہے کہ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں فوجیوں کو لے جانے والی دو بسوں کے قریب کار بم دھماکہ کیا گیا جس میں کم از کم اٹھائیس افراد جاں بحق اور اکسٹھ زخمی ہو گئے۔ ترکی کی انصاف اور ترقی پارٹی کے ترجمان نے اسے دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔ اس بم دھماکے کے بعد ترکی کے وزیراعظم احمد داؤد اوغلو نے اپنا دورہ برسلز اور صدر رجب طیب اردوغان نے باکو کا دورہ منسوخ کر دیا ہے۔