ایک فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی نے منگل کے روز لانچ کی جانے والی نئی وڈیو ایپلی کیشن “شوف القدس 360”  کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ ایپلی کیشن ناظرین کو مسجد اقصیٰ کے اندر اپنے من پسند زاویے سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

فلسطینی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی “جوّال” نے بتایا کہ یہ “مسجد اقصیٰ کی پہلی تعارفی وڈیو ہے جو 360 ڈگری ٹکنالوجی پر تیار کی گئی ہے”۔

اپنے ایک بیان میں کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ یہ وڈیو” دیکھنے والے کے لیے مسجد اقصیٰ اور اس کے صحن میں 360 ڈگری کے زاویوں کے ساتھ نقل و حرکت کو ممکن بناتی ہے… اس انوکھے تجربے سے لطف اندوز ہونے کے لیے ناظرین اپنے اسمارٹ فون کو کسی بھی سمت میں حرکت دے سکتے ہیں یا کمپیوٹر پر ماؤس کے ذریعے Arrow کو حرکت میں لا سکتے ہیں”۔

یہ وڈیو جو 2 منٹ اور 27 سیکنڈ پر مشتمل ہے، پہلے مسجد اقصیٰ کے بیرونی صحن کی سیر کراتی ہے جہاں سنہری گنبد (قبة الصخرة) بھی نظر آتا ہے اور پھر اس کے بعد مسجد اقصیٰ کے اندر لے جا کر اس کے اندرونی تعمیراتی فن پاروں سے محظوظ ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ وڈیو “بیت المقدس شہر کے مذہبی مقامات اور بعض علاقوں کے تعارف” کے سلسلے میں اس کی ایک کاوش ہے۔

مغربی کنارے اور غزہ پٹی کے فلسطینیوں کو بیت المقدس پہنچ کر مسجد اقصیٰ میں نماز پڑھنے یا شہر کے ہسپتالوں میں علاج کرانے کے لیے قابض اسرائیلی حکام سے خصوصی اجازت نامہ لینا پڑتا ہے۔

کمپنی نے بتایا کہ وہ “شوف_القدس 360” کی سیریز کے تحت اسی ٹکنالوجی پر تیار کردہ دیگر وڈیوز بھی جاری کرے گی جو سنہری گنبد (قبة الصخرة)، کلیسائے مقبرہ مقدس اور شہر کے بعض علاقوں پر مشتمل ہوں گی۔