اسلام آباد: سعودی عرب ایران کشیدگی میں وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف خود میدان میں آگئے ہیں ۔ دونوں رہنما پیر سے دونوں ممالک کے دورے کرکے اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اوردونوں ممالک کے درمیان پائی جانیوالی کشیدگی کو ختم کرانے میں اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کریں گے ۔ 

مقامی میڈیا کے مطابق وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف پیر کی صبح ایران جائیں گے جہاں ایران کے صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے اور ایرانی موقف معلوم کرنے کے بعد سعودی عرب روانہ ہوجائیں گے ۔ سعودی عرب میں وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف سعودی بادشاہ شاہ سلمان سے ملاقات کریں گے اور ایرانی موقف سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ کشیدگی کم کرنے پر بھی قائل کرنے کی کوشش کریں گے ۔دورے کے دوران  مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہوں گے ۔

 

ذرائع کے مطابق ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وزیر اعظم اور آرمی چیف منگل کو وطن واپس آئیں گے  جس کے بعد وزیر اعظم نواز شریف بدھ کوپھر سوئٹزر لینڈ روانہ ہوجائیں گے جہاں عالمی رہنماﺅں سے اسی تناظر میں بات چیت کریں گے ۔