ممبئی :
جمعیۃعلماء مہاراشٹر کے جنرل سکریٹری مولانا حلیم اللہ قاسمی نے پلوامہ مے دلدوز اور اندوہناک سانحہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ صرف سی آر پی ایف کے چند جاں باز سپاہیوں پر ہی نہیں بلکہ ملک کی سلامتی پر حملہ ہے،جس کے قصور واروں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جانا چاہئے ،اور انہوں نے حکومت ہند سے یہ مطالبہ بھی کیا کہ جلد از جلد واقعہ کے حقیقی مجرمین کی شناخت کرکے قرار واقعی سزا دیکر انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
مولانا نے کہا کہ مصیبت اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم ملک کے شانہ بشانہ ہیں اور سی آر پی ایف کے شہیدو نوجوانوں کے اہل خانہ کے دکھ کو ہم اپنا دکھ،انکے غم کو ہم اپنا غم سمجھتے ہیں،نیز مولانا نے عوام الناس سے امن و امان کو باقی رکھنے اور صبر و تحمل کی اپیل کرنے کے ساتھ جمعیۃعلماء مہاراشٹر کی اکائیوں اور یونٹوں کے ذمہ داروں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بزدلانہ اور وحشیانہ حملے کی پر زور مذمت کریں اور اس کے خلاف پر امن مگر بھر پور احتجاج کرکے ملک دشمن عناصر کو یہ پیغام دیں کہ ہم کل بھی ایک تھے،آج بھی ایک ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی ایک رہیں گے ۔