دبستان اہل قلم لکھنو کے زیر اہتمام طرحی نشست کا انعقاد

لکھنو : دبستان اہل قلم لکھنو کے زیر اہتمام ایک طرحی نشست ”جھوم اٹھاہے خوشی سے سارا عالم عید میں“ عنوان کے تحت کٹرا خدایارخاں سعادت گنج میں دبستان کے جنرل سکریٹری معید رہبر کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ نشست کا آغاز حافظ عتیق ارحم کے تلاوت کلام پاک سے ہوا۔صدارت ڈاکٹر مخمور کاکوروی اور مہمان خصوصی کے طور پر عرفان زنگی پوری موجود تھے جبکہ نظامت کے فرائض حافظ ارشد طالب نے انجام دئے۔
دبستان اہل قلم کی جانب سے گذشتہ کئی برسوں سے عید کے دوسرے دن اس طرح کی طرحی نشست کا انعقاد ہوتا چلا آرہا ہے۔آج کی یہ نشست اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔

اس موقع پر دبستان اہل قلم کی جانب سے ڈاکٹر سلیم احمد کو انکی سماجی اور ملی خدمات کے اعتراف میں ’خدمت خلق ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ کمیٹی کے صدر ڈاکٹر مخمور کاکوروی نے ایوارڈ اور شال پیش کر انہیں اعزاز سے سرفراز کیا۔

نشست میں جن شعراءکرام نے اپنے کلام پیش کیے ان کے پسندیدہ اشعار قارئین کی نظر ہے:

ایک بچہ رو رہا تھا،مستقل زار وقطار

اس کے گھر لے آئے، سرکار دو عالم عید میں

ڈاکٹر مخمور کاکوروی

ہے دعا افراد ملت میں ہو قائم اتحاد

اور استحکام پائے ربط باہم عید میں

عرفان زنگی پوری

اف یہ پچھڑا پن کیا کہیں کس کو کہیں

چاند کی تصدیق پر تفریق باہم عید میں

سراج الدین سیف

ہم فقط تنہا نہیں رند مئے عیش و نشاط

چھوم اٹھتا ہے خوشی سے سارا عالم عید میں

احسن آظمی

سال بھر تک پھر کہاں ممکن میسر ہو سکے

جس طرح ہوتی ہے شاداں روح عالم عید میں

عثمان عازم

کہتا ہوںفرط مسرت سے میں اپنی جان سے

ہو مبارک تم کو خوشیاں پیاری جانم عید میں

خادم رسول عینی

دیکھ لیتا ہے وہ منظر جب ہلال عید کا

جھوم اٹھتا ہے، خوشی سے سارا عالم عید میں

محسن لکھنوی

مانگ کی رب سے دعا یہ نسل آدم عید میں

اب کسی نادار کی آنکھیں نہ ہونم عید میں

حافظ ارشد طالب

دونوں کی ضد میں الجھ کر رہ گیا تھا جو کبھی

آو سلجھائیں وہی رشتوں کا ریشم عید میں

سلیم تابش

اس قدر برسے ہیں مایوسی کے بادل پھر نہ پوچھ

آگیا ہے جب تری یادوں کا موسم عید میں

معید رہبر

آسمان آرضو پر جب نظر آیاہے چاند

ہو گئی ہر اک خوشی دل کو فراہم عید میں

عاشق رائے بریلوی

یا وہ میکپ میں نہ آئیں تاکہ میں پہچان لوں

یا برس جائے پانی جھماجھم عید میں

سلیم روشن

سوچتا ہوں زندگی کیسے گزرتی ہے یہاں

مختصر ہوتی ہے جن لوگوں کی انکم عید میں

عتیق ارحم

نشست کے اختتام پر دبستان اہل قلم کے جنرل سکریٹری اور صاحب خانہ معید رہبر نے تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر صاحب خانہ کی دختر فلک ناز نے مناجات اور خلیل اختر (شبّو) نے ڈاکٹر مخمور کاکوروی کی لکھی نعت پاک پیش کی۔