کالی کٹ مرکز کامپلکس میں رمضان خطبات سے سید اکرم نوری ثقافی کا خطاب

کالی کٹ ؍ عبدالکریم امجدی: راشٹر وادی لوک تانترک پارٹی کے اقلیتی امور کے دہلی صدر اور آل انڈیا نوری ایجوکیشن مشن کے چیئر مین مولانا سید اکرم نوری ثقافی نے آج یہاں شہر کی جامع مسجد میں منعقدہ رمضان خطبات سے اپنے پیغام میں کہاکہ مسلمان ماہ رمضان کی قدر کریں ،یہ خیروبرکت اور صبر کا مہینہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کو چاہئے کہ ماہ صیام میں روزہ ،عبادات،اذکار،تزکیۃ النفس ،تلاوت کے ذریعہ قرُب خدا وندی حاصل کریں ۔ انہوں نے کہاکہ آخری عشرہ کی شروعات ہے اس میں عبادت وریاضت توبہ استغفار کثرت سے کرنا چاہئے ،جسکا ہر لمحہ بخشش ومغفرت کا ہے ۔مولانا نوری نے کہاکہ روزہ اللہ کی طرف سے بندوں کے لئے انعام ہے ،یہ تحفہ خاص امت محمدیہ کو حاصل ہوا ہے ۔ جس میں ہر کار خیر کا اجر کئی گنا بڑھ جاتا ہے ۔رب کو راضی اور جہنم سے نجات پانے کا اہم ترین ذریعہ ہے ۔انہوں نے مزدور طبقہ سے مخاطب ہوکر کہاکہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ عصری علوم بھی سکھائیں ،مسلمانوں کی پسماندگی کا سبب تعلیمی فقدان ہے ۔انہوں نے جامعہ مرکز کو رول ماڈل بتاتے ہوئے کہاکہ ہمیں شمال میں بھی اسی طرح کام کرنے کی ضرورت ہے ۔خبر کے مطابق شہر کالی کٹ کے مرکز کاملپکس میں یومیہ سینکڑوں افرادکے روزہ کھولنے اور دینی تقاریب کا خاص اہتمام ہے ۔ علاوہ ازیں شمالی مزدور جو کیرل میں مزدوری کرتے ہیں ان کے لئے بھی اردو زبان میں رمضان خطبات کا انتظام ہے ۔واضح رہے کہ مزدور طبقہ دینی تقاریب اور کیرالہ کے اسلامی ماحول سے بے حدخوش اور نیک خواہشات کے متمنی ہیں ۔مرکز کامپلکس کی جانب سے شمالی عوام کے لئے دینی دعوت کا خاص اہتما م کیا جاتا ہے ۔