کانپور :۔ جمعیۃ علماء اتر پردیش کے زیر اہتمام 10؍مارچ کو لکھنؤ کے جھولے لال پارک میں ہونے والی ’’تحفظ ملک وملت کانفرنس‘‘کے انعقاد کے سلسلہ میں شہری و صوبائی وجمعیۃ کے اعلیٰ عہدیدران کی ا یک اہم پریس کانفرنس کانپور پریس کلب میں ہوئی ، جس میں جمعیۃ علماء اتر پردیش کے صدر مولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد و اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد متین الحق ا سامہ قاسمی نے فرمایا کہ10؍مارچ کو جھولے لال پارک میں ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد دستور ہند میں دئے گئے مذہبی حقوق و عائلی قوانین کے تحفظ ، ملک میں بڑھتی فرقہ پرستی و تشدد کا تدارک اور تعمیر وطن کی فکر پیدا کرنے ، پریم ،محبت ،امن و ایکتا کے پیغام کو عام کرنے ،مسلمانوں کو اقتصادی ،سماجی ،سیاسی سطح پر مضبوط کرنے ، عصری تعلیمی اداروں و اسکولوں کے قیام پر توجہ دلانے ، مدارس اسلامہ کے نظام کو مزید شفاف و مستحکم بنانے اور سرکاری مداخلت سے محفوظ رکھنے ، اصلاح معاشرہ تحریک کے ذریعہ تمام سماجی برائیوں خصوصاً جہیز ، تلک ،فضول خرچی ، جوڑے گھوڑے، نشہ ، جنین کے قتل پر روک لگانے اور سماج کو ان برائیوں ے پاک کرنے، دینی تعلیمی بیداری مہم کے ذریعہ گاؤں گاؤں محلہ محلہ مکاتب دینیہ کو قائم کرانے ، قومی ایکتا ، دلت مسلم کھان ، مختلف مسالک کو مشترک مسائل میں متحد کرنے ، قبلہ اول مسجداقصیٰ ، القدس شہر اور مظلوم فلسطینیوں کے حق اور شام میں شہریوں پر ہو رہی سرکاری وحشیانہ بمباری کے خلاف آواز بلند کرنے اورمو جودہ حوصلہ شکن حالات سے مسلمانوں کو نکالنا ہے جن کوایک نفسیاتی جنگ میں موجودہ سیاسی حالات میں لڑنا پڑرہاہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو حوصلہ دینا اور احساس کمتری سے نکالنا بھی اس کانفرنس کے اہم مقاصد میں سے ایک ہے ۔ کیونکہ کہ جب مایوسی ہوتی ہے تو اشتعال ہوتا ہے لیکن جمعیۃ علماء کانعرہ ہے نہ مایوسی او رنہ ہی اشتعال ۔ صرف جذبات سے کام نہیں چلے گا تعمیری اقدامات کرنے ہوں گے اورعملی جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی حوصلہ افزابات ہے کہ پوری ریاست میں کانفرنس کے لئے رائے عامہ ہموار ہورہی ہے۔

صوبائی صدرمولانا محمد متین الحق اسامہ قاسمی نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کا امتی ہونے کی حیثیت سے کوئی بھی مسلمان شریعت میں مداخلت برداشت نہیں کر سکتا کیونکہ ہم اسے اپنی جان و مال سے زیادہ عزیز سمجھتے ہیں ، اسی طرح یہ ملک ہمارا ہے اور جس طرح ہم اپنے مذہب اور پرسنل لاء سے سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں اسی طرح اپنے ملک سے بھی کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ ملک کے آئین و قانون نے یہاں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو اپنے مذہب پر مکمل آزادی کے ساتھ عمل کرنے کا حق دیا ہے۔ ہمیں ملک کے دستور و آئین کے تحفظ کے ساتھ اپنے مذہبی شعار اور پرسنل لاء کی بھی حفاظت کرنی ہے۔

شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں نے فرمایا کہ پورے شہر کے ایک ایک وارڈسے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ہر سو کانفرنس کا شور ہے او ر اراکین جمعیۃ ہر جگہ پر کانفرنس کو کامیاب بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں انہوں نے بتایا کہ اس کانفرنس میں امیر الہند حضرت الحاج مولانا قاری سید محمد عثمان صاحب منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند و استاذ حدیث دار العلوم دیوبند ، جانشین فدائے ملت حضرت الحاج مولانا سید محمود اسعد مدنی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ، دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے مہتمم مولانا ڈاکٹر سعید الرحمان اعظمیٰ،بودھ گیا مندر کے سکریٹری بھنتے اشوک شاکیہ بھکشو، آریہ سماج کے پرمکھ سوامی اگنی ویش ، ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر، کاشی وشوناتھ بنارس کے مہنت کل پتی تیواری ، ڈاکٹر مہندر سنگھ (آئی اے ایس) چیئر مین دھما سوسائٹی ،انڈیا ، لکھنؤ،اے آئی یو ڈی ایف کے قومی صدر مولانا بدر الدین اجمل قاسمی ممبر آف پارلیمنٹ و صدر جمعیۃ علماء آسام،مولانا خالد رشید فرنگی محلی امام عیدگاہ عیش باغ لکھنؤ،جمعیۃ اہل حدیث اتر پردیش کے امیر مولانا عتیق الرحمن طیبی ،جماعت اسلامی مشرقی اتر پردیش کے امیر مولانا محمد نعیم، مولانا اقبال قادری مدرسہ وارثیہ لکھنؤ، ریاستی وزیر مغربی بنگال مولانا صدیق اللہ چودھری صدر جمعیۃ علماء مغربی بنگال ،جمعیۃ علماء آندھراو تلنگانہ کے صدر حافظ پیر شبیر سابق MLC،جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حافظ ندیم صدیقی ،جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا افتخار احمد قاسمی بنگلور، مولانا نیاز احمد فاروقی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ، مدرسہ شاہی مراد آباد کے استاد حدیث مفتی سید محمد سلمان منصورپوری جنرل سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ کے علاوہ جمعیۃ علماء ہند کے مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے ساتھ ہندو ، بودھ ، دلتوں ،سکھوں،عیسائیوں کے دیگر بڑے مذہبی پیشواؤں کی شرکت ہوگی۔ کانپور سے بڑی تعداد میں بسوں کو لے جانے کی تیاریاں ہیں جن کی 10؍مارچ کو شہر کے مختلف علاقوں سے جھولے لا پارک کیلئے روانگی ہوگی ۔اس کیلئے شہرکے مختلف حلقوں میں ذمہ داران کو ذمہ داری دی گئی ہے۔

کانفرنس میں موجود جمعیۃ علماء شہر کانپور کے نائب صدر مولانا نور الدین احمد قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی ملکی و ملی خدمات سے روشناس کراتے ہوئے موجود صحافیوں کو بتایا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں جمعیۃ علماء ہند کی خدمات ہیں ، آج اگر اس ملک میں مسلمان پرسکون زندگی گزار رہے ہیں تو وہ جمعیۃ کی وجہ سے ہے۔ شہری سکریٹری مولانا اکرم جامعی نے فرمایا کہ ہندوستان مختلف حالات سے گزر رہا ہے ، ایسے میں ہمیں باخبر رہتے ہوئے سیرت نبویؐ پر عمل کرنے ضرورت ہے ، ہمیں مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ قومی اور ملکی سطح پر اس بات کی کوشش ہو رہی ہے کہ اہل ایمان اوراقلیتی طبقات کاحوصلہ توڑ دیا جائے اور ان کو ذہنی اور فکری اعتبار سے خوفزدہ کر دیا جائے کیونکہ انسان کی کامیابی کی بنیاد اس کا حوصلہ ہوتی ہے۔