خیر آباد، سیتاپور: بلا تفریق مذہب و ملت انسانیت کی مدد مذہب اسلام کا پیغام ہے ۔ ہمیںاس پر عمل کرنا کا عہد کرنا چاہئے اللہ نے جو مال انسان کو عطا کیا ہے اس میں دوسرے رشتہ داروں ، غریبو، مسکینوں ، یتیموں اور مسافروں کے حقوق بھی وابستہ ہیں۔ اس کا خیال رکھنا ہر انسان کی ذمہ داری ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مولانا خالد رشید فرنگی محلی امام عید گاہ عیش باغ لکھنؤ نے کیا۔ وہ جامعہ نور الہدیٰ قصبہ خیر آباد محلہ مسواسی میں مولانا مفتی آفتاب عالم ندوی خیر آبادی کی جانب سے منعقد ہ رضائی و کمبل تقسیم پروگرام سے خطاب کررہے تھے۔ انھوںنے مزید کہا کہ غریبوں کی مدد سے اللہ خوش ہوتا ہے۔ پروگرام کی صدارت حاجی محمد جلیس انصاری نے کی۔ مدرسہ کے بانی و ناظم مولانا آفتاب عالم ندوی خیر آبادی مبلغ دار العلوم ندوۃ العلماء نے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ سماج کے ہر طبقہ کا کوئی بھی انسان ہو ہم کو ہر انسان کی قدر کرنی چاہئے اچھے جملوں سے غریبوں یتیموں سے پیش آنا چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب سماج کا غریب و کمزور طبقہ اپنی غربت سے نکلے گا تبھی ملک اور سماج کو نفع پہونچے گا۔ پروگرام کی صدارت کر رہے نگر پالیکا پریشد حاجی جلیس انصاری نے مفتی آفتاب عالم ندوی کے کاموں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھا قدم ہے ہم بھی اس کے لئے تیار ہیں غریبوں کی مدد عبادت ہے۔ سماج کا کوئی بھی انسان پریشان ہو اس کی مدد کرنی چاہئے۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد اعظم کی تلاوت اور محمد نہال کی نعت پاک سے ہوا۔ اس موقع پر ۱۰۰؍ سے زائد سماج کے مستحق لوگوں کو رضائی و کمبل تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر راشد علی مینائی متولی شاہ مینا شاہ لکھنؤ، مست حفیظ رحمانی ، ایڈوکیٹ محمد عرفات، عبد القیوم انصاری، سنی بیگ، فرحد حسین، ندیم احمد ، انجم رضوی، ڈاکٹر عثمان ، محمد کاظم، محمد ہارون لکھنؤ، خلیق احمد، رام جی سمرن سمیت بڑی تعداد میں معززین نے شرکت کی۔