کالی کٹ مرکز میں عالمی روحانی اجتماع کا انعقاد

کالی کٹ: جب تک مسلمانوںنے اللہ اور رسول اللہ کے احکامات پر عمل کیا دنیا ان کے قدم چومتی رہی۔اور جب مسلمانو ں کا اللہ سے تعلق کمزو ر ہوا تو یہ ذلت وپسماندگی کے دل دل میں چلے گئے،مسلمانوں کو دنیوی واخروی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ وہ اللہ سے اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔

کالی کٹ میں مرکز الثقافۃ السنیہ کی روبی جوبلی کانفرنس کے موقع پر منعقدہ عالمی روحانی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کے سربراہ شیخ ابوبکراحمد نے کہا کہ آج کی اس دوڑ بھاگ بھری زندگی میں لوگ سکون قلب کے لئے مختلف طریقے اپناتے ہیں لیکن وہ سکون قلب حاصل کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔لوگوںکو معلوم ہونا چاہئے کہ قلبی سکون اللہ کے ذکر سے ہی حاصل ہوتا ہے۔ذکر اللہ سکون واطمینان حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ مسلمان کثرت سے اللہ کے ذکر کریں اورتعلق مع اللہ کو مضبوط کریں۔شیخ ابوبکر نے کہا کہ مسلمانوں کے پسماندگی اورقعرمذلت میں جانے کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ اللہ اور نبیؐ سے تعلق کمزور ہوگیاہے۔اگر ہم اللہ کے احکامات اور نبی ؐ کے فرامین کے مطابق عمل کریںگے تو ہم دنیا واخرت میں کامیابی سے ہمکنار ہوںگے۔شیخ ابوبکر نے مسلمانوںپر زور دیا کہ وہ خدا سے لو لگائیں،پھر دیکھیںکہ کس طرح دنیا ان کے قدموںمیں ہوگی۔
روحانی اجتماع کے دوران حکومت سعودیہ کے نمائندگان شیخ عثمان یحییٰ البکری اور شیخ صالح محمد الحجازی نے شیخ ابوبکر احمد کی تعلیمی وملی خدمات کے اعتراف میںحکومت سعودیہ کی جانب سے’’ کسوۃ الکعبہ ‘‘پیش کیا۔کسوۃ الکعبہ حاصل کرنے کے بعد شیخ ابوبکر احمد نے حکومت سے سعودیہ عربیہ اور ان کے مشیرا ن کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ کسوۃ الکعبہ سے سرفراز کیاجانا میرے لئے بڑی سعادت کی بات ہے۔واضح رہے کہ ہرسال کعبۃ اللہ شریف پر نیا غلاف چڑھایاجاتا ہے اور پُرانے غلاف کے ٹکڑے دنیا کی ان عظیم اور ممتاز شخصیات کو پیش کئے جاتے ہیں جنہوںنے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں اور قابل قدر خدمات انجام دی ہوں۔
روحانی اجتماع سے معروف عالم دین اور روحانی پیشوا تنویر ملت علامہ تنویر ہاشمی (بیجاپور) سید شہیر بشیر بخاری حیدرآباد،ڈاکٹر مجیب الرحمن، سی محمد فیضی،ڈاکٹر عبدالحکیم ازہری، ڈاکٹر حسین ثقافی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔سید فصل کویا تنگل کی دعا سے اجتماع کا آغاز ہوا۔ حبیب علی زین العابدین ابوبکر الحامد نے افتتاحی کلمات پیش کئے اس موقع پر بڑی تعداد میں فرزندان توحید موجود تھے۔