گوئٹے مالا کے صدر جمی موریلس نے تل ابیب میں موجود اپنے سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔

خیال رہے کہ جمعرات کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے وہ قرارداد منظور کی تھی جس میں امریکا سے کہا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس یا مشرقی یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان واپس لے۔

اس قرارداد کے حق میں 128 ممالک نے ووٹ دیا، 35 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جبکہ نو نے اس قرارداد کی مخالفت کی۔

فیس بک پوسٹ میں صدر جمی موریلس نے کہا کہ انھوں نے یہ فیصلہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بات کرنے کے بعد کیا ہے۔ یاد رہے گوئٹے مالا ان معدودے چند غیر معروف ملکوں میں شامل تھا جس نے یو این جنرل اسمبلی میں پیش کی جانے والی قرارداد کی مخالفت میں ووٹ ڈالا تھا۔